گورنر ہائوس کراچی میں معرکہ حق، جشنِ آزادی کی تقریب ،گورنرسندھ سمیت عمان اور ایران کے قونصل جنرلز کی شرکت

بدھ 6 اگست 2025 22:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) گورنر ہاؤس کراچی میں "معرکہ حق، جشنِ آزادی" کے عنوان سے شاندار اور ملی جذبے سے بھرپور تقریب منعقد ہوئی، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی کی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے تقریب کی صدارت کی جبکہ مہمانِ خصوصی عمان اور ایران کے قونصل جنرلز تھے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار اور انیس قائم خانی سمیت دیگر معززین سمیت آل سندھ پرائیویٹ سکول اینڈ کالج ایسوسی ایشن کے چیئرمین حیدر علی، سید طارق علی شاہ سمیت مختلف جامعات کے وائس چانسلرز اور فیکلٹی ممبران نے بھی شرکت کی۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے "معرکہ حق، جشنِ آزادی" کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کرام بچوں کو بتائیں کہ بھارت کے حملے کو کس طرح شکست دی گئی اور کس طرح ہماری پاک فوج کی جانب سے چھ جنگی جہاز گرا کر دشمن کے غرور کو خاک میں ملایا گیا۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے ایران کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے جنگ میں پاکستان کا ساتھ دیا۔

انہوں نے عمان کی جانب سے سفارتی مؤقف کی حمایت پر ان کا بھی شکریہ ادا کیا ۔ گورنر کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں پچھلے دو سال سے جاری مفت آئی ٹی کورسز کی کامیابی، جن کے تحت طلبہ ڈالرز میں کمائی کر رہے ہیں جبکہ فلاحی اقدامات میں ناشتہ پروگرام، راشن تقسیم، موٹر سائیکل و لیپ ٹاپ کی تقسیم بھی شامل ہیں۔ گورنر سندھ نے اعلان کیا کہ 7 اگست کو راحت فتح علی خان گورنر ہائوس کراچی میں پرفارم کریں گے جبکہ 11 اگست کو عاطف اسلم اور 12 اگست کو علی ظفر کا کنسرٹ گورنر ہاؤس میں ہوگا۔

گورنر سندھ نے بک فیئر کی جانب سے 50 لاکھ روپے مالیت کی کتابوں کا بچوں کے لیے عطیہ کرنے کے اقدام کو سراہا۔ گورنر سندھ نے 12 اگست کو ایک گھنٹہ 5 منٹ کی تاریخ کی سب سے طویل آتش بازی کرنے کا بھی اعلان کیا۔تقریب کے اختتام پرچم کشائی، جشنِ آزادی کا کیک کاٹا گیا اور ساتھ ہی شاندارآتشبازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔