Live Updates

پاکستانی معیشت درست سمت میں گامزن ہے،مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے معاشی میدان میں متعدد کامیابیاں حاصل کیں ،نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کاشاہ عبدالطیف کاظمی (بری امام) کے مزار پر تقریب سے خطاب

جمعرات 7 اگست 2025 23:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے معاشی میدان میں متعدد کامیابیاں حاصل کیں اور اب پاکستانی معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو شاہ عبدالطیف کاظمی (بری امام) کے مزار پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کہا کہ سال 2017 میں پاکستان دنیا کی 24 ویں بڑی معیشت بن گیا تھا تاہم بعد میں معاشی حالات خراب ہو گئے اور عوام کو مہنگائی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے پر زور انداز میں کہا کہ پاکستان اقوامِ عالم میں باوقار قوم بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جی -20 ممالک کی صف میں شامل کرنا ہمارا ہدف ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پاکستان قدرتی معدنی وسائل سے مالا مال ہے، پاکستان کے پاس کھربوں روپے مالیت کے معدنی وسائل موجود ہیں اور ان وسائل کی تلاش کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک سروے کے مطابق پاکستان دنیا کے چوتھے بڑے گیس ذخائر کا حامل ملک ہے اور یہاں سونا، تانبہ اور قیمتی پتھروں کے وسیع ذخائر بھی موجود ہیں۔

نائب وزیرِاعظم نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے دورِ حکومت میں ملک کو معاشی دیوالیہ پن سے بچایا گیا۔ انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے دور میں پاکستان سفارتی تنہائی کا شکار رہا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بڑی کامیابی حاصل کی اور بھارت کے خطے میں چودھراہٹ قائم کرنے کے عزائم ناکام بنا دیئے گئے۔

انہوں نے اسلام کی تبلیغ و ترویج میں صوفیائے کرام کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔شاہ عبدالطیف کاظمی (بری امام) کے مزار پر چادر چڑھانے کے بعد انہوں نے کہا کہ حضرت بری امام کے سالانہ عرس کی تقریب میں شرکت ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ نائب وزیرِاعظم نے کہا کہ حکومت نے بری امام کمپلیکس کی تزئین و آرائش کا کام مکمل کر لیا ہے جو پہلے تاخیر کا شکار رہا ہے۔ انہوں نے بری امام کے مزار کی ترقی و تحفظ میں کردار ادا کرنے والے اہلکاروں کی کاوشوں کو سراہا۔ حضرت شاہ عبدالطیف کاظمی بری امام کا تین روزہ سالانہ عرس 8 اگست سے 10 اگست تک منایا جائے گا۔\932
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات