سول ڈیفنس پنجاب جدید تقاضوں سے ہم آہنگ،سول سیکرٹریٹ میں جدید آلات کے استعمال کا عملی مظاہرہ

جمعہ 8 اگست 2025 00:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق سول ڈیفنس پنجاب کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر دیا گیا، سول ڈیفنس پنجاب نے سول سیکرٹریٹ میں جدید آلات کے استعمال کا عملی مظاہرہ کیا۔ترجمان کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ڈرونز گرانے اور بم کو ناکارہ بنانے کا مشاہدہ کیا جبکہ سول ڈیفنس کے چاک و چوبند دستے نے چیف سیکرٹری پنجاب کو سلامی دی۔

چیف سیکرٹری پنجاب نے ہنگامی حالات میں استعمال ہونے والے آلات کی نمائش کا معائنہ بھی کیا، آلات میں آر سی وہیکل، سنیک کیمرہ، آئی ای ڈی ڈرونز، اینٹی ڈرون گن، بم ڈسپوزل سوٹ اور دیگر کی نمائش کی گئی تھی جبکہ خصوصی پریڈ میں سول ڈیفنس کے جدید آلات اور پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری پنجاب نے ناقابل رسائی مقام پر روبوٹ کی مدد سے بم کو ناکارہ بنانے کا عملی مظاہرہ دیکھا۔

اس موقع پر سول ڈیفنس کے بم ڈسپوزل سکواڈ نے روبوٹ، جدید ڈرون اور مینوئل انداز میں بم ناکارہ کر کے دکھایا، بم ڈسپوزل روبوٹ، سرویلنس ڈرون، اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی، ریسکیو ڈرون، بم ڈسپوزل سوٹ، مائن ڈیٹیکٹر سے مظاہرہ کیا گیا، سول ڈیفنس نے دشمن کے ڈرون کو لیزر گن سے ناکارہ بنانے کا مظاہرہ بھی کیا جس کو خوب سراہا گیا۔ چیف سیکرٹری نے سول ڈیفنس کے نئے لوگو اور جدید وہیکل سکواڈ کا افتتاح کیا اور تقریب کے دوران ہی بطور رضاکار سول ڈیفنس کو باضابطہ جوائن بھی کیا۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران وزیراعلی پنجاب نے سول ڈیفنس کی استعداد میں اضافے کا حکم دیا۔انہوں نے کہاکہ سیلاب اور ہنگامی صورتحال میں سول ڈیفنس جوان فرنٹ لائن سولجرز ہیں، بم ڈسپوزل سکواڈ اور ضلعی انتظامیہ کی معاونت کیلئے سول ڈیفنس کی تربیت کروا رہے ہیں۔

سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے سول ڈیفنس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے بارے بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ امن اور جنگ کے دنوں میں سول ڈیفنس کی اہمیت یکساں ہے، پاک بھارت کشیدگی کے دوران سول ڈیفنس نے 29 بھارتی ڈرون ناکارہ بنائے۔ انہوں نے بتایا کہ شہریوں کی بطور رضاکار رجسٹریشن کیلئے سول ڈیفنس ایپلیکیشن تیار کر رہے ہیں اور70 ہزار تربیت یافتہ رضاکاروں کو 10 لاکھ تک پہنچایا جائے گا۔

ڈائریکٹر سول ڈیفنس ضیغم نواز نے مکمل پریڈ اور جدید آلات بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ سیکرٹری ہائوسنگ نور الامین مینگل نے تقریب میں خصوصی شرکت کی اور بطور سیکرٹری داخلہ سول ڈیفنس کو جدید آلات کی خریداری کیلئے فنڈز اور مدد فراہم کرنے پر انکی کاوشوں کو سراہا گیا۔ سول ڈیفنس کی شاندار پریڈ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب احمد رضا سرور، سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان، سیکرٹری ایمرجنسی سروسز، آئی جی جیل خانہ جات، فرانزک سائنس، پفڈا، پروبیشن اینڈ پیرول کے ڈائریکٹر جنرلز، کمشنر لاہور، ڈی سی لاہور اور محکمہ داخلہ و ذیلی اداروں کے افسران نے شرکت کی۔