ہمارے شہدا قوم کا سرمایہ ہیں، ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،چیف ایگزیکٹو انڈور سپورٹس

جمعہ 8 اگست 2025 12:11

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) چیف ایگزیکٹیو انڈورسپورٹس چوہدری طارق محمود نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ، پاک فوج کے ان عظیم سپوتوں کی قربانیوں سے بھری ہوئی ہے جنہوں نے ہر آڑے وقت میں وطن کو بچانے کے لیے اپنا سب کچھ قربان کر دیا۔پاک فوج کی قربانیوں کے باعث ہی آج وطنِ عزیز میں امن و استحکام قائم ہے۔ شہداکی قربانیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان کی سرحدیں محفوظ ہاتھوں میں ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ آج میجر طفیل محمد شہید (نشان حیدر) کا 67واں یوم شہادت ہے ۔انہوں نے میجر طفیل محمد شہید کے متعلق تفصیلاً بات کرتے ہوئے بتایا کہ میجر طفیل محمد شہید 22 جولائی 1914 ہوشیارپور، برطانوی ہندوستان میں پیدا ہوئے ۔

(جاری ہے)

میجر طفیل محمد 1943 میں برٹش انڈین آرمی میں کمیشن حاصل کر کے فوج میں شامل ہوئے۔

قیامِ پاکستان کے بعد وہ پاک فوج کا حصہ بنے اور اپنی پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور قیادت کے باعث جلد ترقی کی منازل طے کیں۔1958 میں بھارت نے مشرقی پاکستان کے علاقے لکشمی پور میں دراندازی کی اور وہاں ایک چیک پوسٹ قائم کر لی۔ میجر طفیل محمد کو آپریشن کی ذمہ داری سونپی گئی۔ انہوں نے 7 اگست 1958 کی صبح دشمن پر تین اطراف سے حملہ کیا۔ دورانِ لڑائی، شدید زخمی ہونے کے باوجود میجر طفیل محمد دشمن کی مشین گن پوسٹ تک گھس گئے اور اپنے ہاتھوں سے دشمن کے سپاہی کو ہلاک کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی قیادت اور حوصلے کی بدولت پاکستانی دستے کامیاب ہوئے، مگر وہ خود زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے 8 اگست 1958 کو شہید ہو گئے۔ ان کی اس شجاعت پر انہیں پاکستان کا پہلا نشانِ حیدر عطا کیا گیا۔میجر طفیل محمد شہید کو لاہور کے قبرستان "میانی صاحب" میں سپردِ خاک کیا گیا۔ ان کا مزار آج بھی عقیدت مندوں کے لیے جذبہ حب الوطنی کا مرکز ہے،ان کے نام پر اسکول، سڑکیں، چوک اور تربیتی مراکز کا نام رکھا گیا ہے،پاک فوج ہر سال 8 اگست کو ان کی برسی مناتی ہے اور نوجوانوں کو ان کے نقشِ قدم پر چلنے کی ترغیب دی جاتی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ "دشمن چاہے اندرونی ہو یا بیرونی، عوام اور فوج ہر محاذ پر تیار ہیں۔ پاک فوج کا ہر جوان اپنے لہو سے وطن کے پرچم کو سربلند رکھنے کا عزم رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہپاکستان کی مسلح افواج کے بہادر سپوتوں نے وطن کی حرمت، سالمیت اور امن کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ لائن آف کنٹرول، قبائلی علاقوں اور اندرونی دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز میں سینکڑوں جوان اور افسران نے جامِ شہادت نوش کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاک فوج کی قربانیوں کے باعث ہی آج وطنِ عزیز میں امن و استحکام قائم ہے۔ شہداء کی قربانیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان کی سرحدیں محفوظ ہاتھوں میں ہیں۔ انہوں نے گفتگو کے آخر میں کہا کہ میجر طفیل محمد شہید کا لہو ہماری مٹی کا قرض ہے ان کی قربانی ہماری آزادی کا استعارہ ہے، اور ان جیسا ہر سپاہی پاکستان کا محافظ ہے۔