اپوزیشن کے ساتھ قومی ایشوز پر مذاکرات کےلیے تیار ہیں، اپوزیشن لیڈر کے حوالے سے فیصلہ عدالت کا ہے، وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام

جمعہ 8 اگست 2025 20:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) وفاقی وزیر و صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ ہم اپوزیشن کے ساتھ قومی ایشوز پر مذاکرات کےلیے تیار ہیں، اگر وہ قومی ایشوز پر مذاکرات کرنا چاہتے ہیں تو ہم خیر مقدم کریں گے تاہم ان کے پاس اس کےلیے وقت نہیں ہے، اپوزیشن لیڈر کے بارے میں فیصلے سے حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں، فیصلہ عدالت نے دیا ہے.

صوابی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ جہاں تک اپوزیشن چیمبر کی بات ہے تو اپوزیشن چیمبر اپنی جگہ پر موجود ہے، اپوزیشن لیڈر کے حوالے سے فیصلہ عدالت کا ہے، حکومت کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں.

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن قومی ایشوز پر مذاکرات کرنا چاہتی ہے تو ہم اس کےلیے تیار ہیں، ہم اس کا خیر مقدم کریں گے، ان کو سنیں گے اور ان کی مثبت تجاویز بھی قبول کریں گے لیکن اپوزیشن کے پاس قومی ایشوز پر بات کرنے کا وقت نہیں ہے.

وفاقی وزیر نے کہا کہ پوری قوم نے 5 اگست کو یوم استحصال کشمیر منایا تاہم انہوں نے اس دن کو یوم استحصال عمران کے طور پر منایا اور تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کی. خیبر پختونخوا میں تبدیلی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں ان کی اکثریت ہے تاہم ان کے اندر تقسیم پیدا ہوگئی ہے. انہوں نے کہا کہ اس سال ہم 14 اگست کے موقع پر جشن آزادی کے ساتھ معرکہ حق کی فتح کو بھی منائیں گے.