~سانحہ 8 اگست 2016 کے شہداکو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، فرح عظیم شاہ

جمعہ 8 اگست 2025 21:20

اسلام آباد / کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اگست2025ء) ایمان پاکستان تحریک کے چیئرپرسن محترمہ فرح عظیم شاہ نے سانحہ 8 اگست 2016 کے شہداکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن صوبے اور ملک کی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا*۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سانحہ 8 اگست کے شہداکی نویں برسی کے موقع پر اپنے تعزیتی بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ نو برس قبل کوئٹہ میں ہونے والا یہ المناک واقعہ نہ صرف درجنوں قیمتی جانیں لے گیا بلکہ صوبے کے عوام کو گہرے صدمے میں مبتلا کر گیاسانحہ کے شہدانے وکالت کے پیشے اور جمہوری اقدار کے تحفظ کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی دہشت گردوں کا مقصد خوف و ہراس پھیلانا اور ریاستی اداروں کو کمزور کرنا تھا مگر قوم نے اتحاد اور حوصلے سے اس سازش کو ناکام بنایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ 8اگست 2016کے دن وکلا، صحافیوں اور دیگر بے گناہ افراد کی شہادت نے قوم کو متحد کیا اور دہشتگردی کے خلاف عزم کو مزید مضبوط بنایا دہشتگردوں نے معصوم جانوں کو نشانہ بنا کر انسانیت کے خلاف بدترین جرم کیا لیکن ہمارے شہداکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔ محترمہ فرح عظیم شاہ نے کہاکہ 8 اگست کا دن ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ ہم دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھیں تاکہ آئندہ نسلیں امن و سلامتی کے ماحول میں زندگی گزار سکیں۔صوبائی اسمبلی کے ممبر محترمہ فرح عظیم شاہ نے دعا کی کہ اللہ تعالی شہداکے درجات بلند کرے اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔