صوبائی وزیر میر سلیم احمد خان کھوسہ کا سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین

جمعہ 8 اگست 2025 22:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر میر سلیم احمد خان کھوسہ نے بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں دہشت گردوں کے خلاف سیکورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر گہرے اطمینان اور فخر کا اظہار کرتے ہوئے سیکورٹی اداروں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ سیکورٹی فورسز نے جس بروقت اور مؤثر انداز سے دشمن کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا وہ قابلِ تحسین ہےانہوں نے کہا کہ یہ کارروائی نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے ملک کے لیے ایک پیغام ہے کہ ہماری سرزمین پر دہشت گردی اور دشمن عناصر کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے، صوبائی وزیر میر سلیم احمد خان کھوسہ نے مزید کہا کہ بلوچستان کے باشعور عوام امن و استحکام کے دشمنوں کے عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے،انہوں نے سیکورٹی فورسز کے دلیر اور بہادر جوانوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان سپاہیوں نے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر بھارتی سرپرست خوارج کو واصلِ جہنم کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی دہشت گردوں کے لیے واضح پیغام ہے کہ ریاست پاکستان اور اس کے محافظ ہر قیمت پر قومی سلامتی کے دشمنوں کو ناکام بنائیں گے،بلوچستان کے عوام سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور امن دشمنوں کے خلاف مکمل طور پر متحد ہیں۔