حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کی282 ویں3 روزہ عرس کا بھٹ شاہ میں آغاز ہو گیا

ایوان میں ایک رکن بھی زیادہ ہوا تو خیبرپختونخوا حکومت گرادیں گے، ہم کسی کی بھی حکومت گرانے کے حق میں نہیں لیکن ملک میں سزا اور جزا کا نظام ہونا چاہیے،خدشہ ہے پی ٹی آئی خود وزیراعلی خیبرپختونخوا پرعدم اعتماد کردے گی، فیصل کریم کنڈی کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 9 اگست 2025 14:54

مٹیاری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2025ء)حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کی282 ویں3 روزہ عرس کا بھٹ شاہ میں آغاز ہو گیا ہے۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اورصوبائی وزیر ثقافت سید ذوالفقار شاہ نے عرس کی تقریبات کا آغاز کیا،اس موقع پرسیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے تھے۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے وزیر ثقافت سندھ ذوالفقار شاہ کے ہمراہ مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھاکرعرس کی تقریبات کا آغاز کیا۔

عرس کی اختتامی تقریبات میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ شرکت کریں گے۔شاہ لطیف 1689 میں سندھ کے علاقے ہالا حویلی میں پیدا ہوئے تھے اور ضلع مٹیاری میں 1752 میں وفات پائی، ان کا شمار سندھی زبان کے ممتاز ترین شعرا میں ہوتا ہے، ان کی شاعری میں صوفیانہ فکر، عشق حقیقی، وحدت الوجود، اور انسان دوستی کے گہرے اثرات ملتے ہیں۔

(جاری ہے)

شاہ جو رسالو شاہ لطیف کی شاعری کا مجموعہ ہے، جو ان کی وفات کے بعد ان کے مریدین اور عقیدت مندوں نے مرتب کیا، اس کے ہر باب میں مخصوص لوک کہانیوں کے ذریعے روحانی پیغامات دیے گئے ہیں۔

شاہ عبداللطیف بھٹائی سندھ کی روح سمجھے جاتے ہیں، ہر سال ان کے مزار پر عرس منایا جاتا ہے، جس میں دنیا بھر سے زائرین، شعرا، درویش اور سیاح آتے ہیں۔افتتاح بعد میڈیا سے گفتگو میں گورنرکے پی نے کہاکہ اگر ایوان میں ہمیں ایک رکن کی بھی اکثریت حاصل ہوئی تو کے پی حکومت گرا دیں گے، تاہم اس وقت کسی حکومت کو گرانے کی سازش نہیں کر رہے ہم جب چاہیں خیبرپختونخوا حکومت کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد لاسکتے ہیں،خدشہ ہے پی ٹی آئی خود وزیراعلی خیبرپختونخوا پرعدم اعتماد کردے گی۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں قیام امن کیلئے جس کا کردار ہوگا اس کے ساتھ کھڑے ہوں گے، پی ٹی آئی والے عدالتوں سے ریلیف لیں، ان کو این آر او نہیں ملنا۔جو لوگ ماضی میں کہتے تھے این آر او نہیں دیں گے، وہ آج خود مانگ رہے ہیں، فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ 9 مئی کے ذمہ داروں کو ضرور سزا ملنی چاہیے اور جن لوگوں نے غلط کام کیے ہیں، وہ سزا بھگتیں گے۔

جزا سزا کا نظام ٹھیک کیے بنا ملک ٹھیک نہیں ہو سکتا۔انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ کیا 9 مئی کو یادگارِ شہدا کی بے حرمتی کرنے والے بھارت اور اسرائیل سے آئے تھی ۔۔گورنرکے پی نے کہا کہ پہلے بھی وفاق سے ان کے لیڈروں کو اٹھا کر باہر پھینکا تھا، اور اب اگر ایوان میں ہمارے ایک بھی رکن کی برتری ہوئی تو خیبرپختونخوا حکومت گر جائے گی۔فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ علی امین گنڈا پور اچھے بچے ہیں، وکٹ کے دونوں اطراف کھیلتے ہیں،خود کو بہت کچھ سمجھنے والے سینیٹ میں حلف لینے بھی نہیں آ سکے۔