ْمقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم عروج پر، کشمیری عوام کا عزم مضبوط ہے ، سردار عتیق احمد خان

پاکستان کی بقا اور کشمیر کی آزادی ایک ہی جدوجہد کے دو پہلو ہیں، پاک فوج کشمیری عوام کی امید کا محور ہے

اتوار 10 اگست 2025 15:40

مظفرآباد /دھیرکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2025ء)صدر آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس و سابق وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج نے ظلم و بربریت کی تمام حدیں پار کر دی ہیں۔ نہتے کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے قربانیوں اور عزم و حوصلے کی ایک لازوال تاریخ رقم کر رہے ہیں۔

موجودہ صورتحال میں وادی کے عوام شدید کرفیو، گرفتاریوں، ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیوں اور میڈیا بلیک آؤٹ کا سامنا کر رہے ہیں، مگر ان کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔سردار عتیق احمد خان نے ایک بیان میں کہا کہ پانچ اگست 2019ء کو بھارت نے آرٹیکل 370 اور 35A کا خاتمہ کر کے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت چھین لی، مگر اس اقدام نے کشمیری عوام کے دلوں میں آزادی کی چنگاری کو شعلہ بنا دیا۔

(جاری ہے)

آج وادی میں ہر بچہ، نوجوان اور بزرگ تحریکِ آزادی کا سپاہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کے باوجود کشمیری عوام کی پاکستان سے وابستگی غیر متزلزل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور کشمیر لازم و ملزوم ہیں، پاکستان کی سلامتی اور بقا، کشمیر کی آزادی سے جڑی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کشمیری عوام کے لیے امید، حوصلے اور قوتِ ایمانی کا استعارہ ہے۔

سرحدوں پر پاکستان کے شیر دل سپاہی ہر لمحہ بھارت کی جارحیت کا جواب دینے کے لیے تیار کھڑے ہیں اور کشمیری عوام جانتے ہیں کہ ان کے پیچھے ایک مضبوط اور جانثار فوج موجود ہے۔سردار عتیق احمد خان نے عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور بھارت کو اس کے مظالم سے باز رکھنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ محض بیانات اور قراردادیں کافی نہیں، کشمیر کے مسئلے کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر فوری عملدرآمد وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس ہر محاذ پر تحریکِ آزادی کشمیر کی سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی، چاہے اس کے لیے دنیا کے کسی بھی فورم تک جانا پڑے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ 14 اگست یومِ آزادی پاکستان اور 23 اگست یومِ نیلہ بٹ نہ صرف قومی جوش و جذبے سے منائے جائیں گے بلکہ ان تقریبات کے ذریعے دنیا کو پیغام دیا جائے گا کہ کشمیری عوام بھارت کے قبضے کو کبھی قبول نہیں کریں گے اور پاکستان کے سبز ہلالی پرچم کے سائے میں ہی اپنی منزل پائیں گے۔

مسلم کانفرنس کی جانب سے آئندہ ہفتوں میں بڑے عوامی اجتماعات اور ریلیوں کا اعلان کیا گیا ہے، جن میں تحریکِ آزادی کشمیر کی حالیہ صورتحال، شہداء کی قربانیوں کو اجاگر کرنے اور پاکستان و پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے خصوصی قراردادیں منظور کی جائیں گی۔