فیلڈ مارشل کی عسکری و سفارتی مہارت نے ملک کو کامیابیوں سے ہمکنار کرایا ہے، فردوس عاشق اعوان

معرکہ حق اور بعد کے حالات نے ثابت کر دیا ہے کہ ’’عسکری سفارت کاری ہی سب پہ بھاری‘‘ ہے،قیام پاکستان کا خواب استحکام پاکستان سے ہی تکمیل پائے گا،خطاب

اتوار 10 اگست 2025 17:10

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2025ء)سابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات اور سینئر رہنما استحکام پاکستان پارٹی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر کی عسکری و سفارتی مہارت نے پاکستان کو نئی منازل سے ہمکنار اور کامیابیوں سے روشناس کرایا ہے۔ انہوں نے یہ بات گزشتہ روز ملک عاشق حسین ہیلتھ کئیر اینڈ ڈائیلسز سنٹر کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے سیالکوٹ کی عوام کو جدید سہولیات سے آراستہ ڈائیلسز سنٹر کھولنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ابھی ایک خواب کی تعبیر ملی ہے جب کہ خدمت کا یہ سفر ہمیشہ جاری رہے گا۔ اپنے حلقے کے لوگوں کی صحت و ترقی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانا ہی میرا واحد نصب العین ہے۔

(جاری ہے)

افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ آپریشن سیندور مودی سرکار کے گلے کی ہڈی بن چکا ہے جسے وہ نہ نگل پا رہا ہے نہ ہی اگل سکتا ہے۔

صدر ٹرمپ کئی بار مودی کے پاک بھارت معرکہ حق کی جیت کے کھوکھلے دعوے کو مسترد کر چکے ہیں جو مودی سرکار کی سبکی میں اضافے کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کی ہمیشہ امن کوششوں کو اور جنگی مہارت کو ہر جگہ سراہا جا رہا ہے۔ آج بھارت سرکار مشکلوں سے دو چار جبکہ کہ پاکستان ہر جگہ باوقار نظر آتا ہے۔یوم آزادی کے حوالے سے اپنا پیغام دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 78 ویں یوم آزادی کو معرکہ حق میں فتح مبین سے منسوب کرنا باکل حق بجانب ہے۔

آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کے بعد پاکستانی قوم یہ یوم آزادی ایک فاتح کی حیثیت سے منا رہی ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ اس بار قوم آزادی اور کامیابی کو اکٹھے منا رہی ہے۔ ترانے اور ملی نغمے ہی بہادر مسلح افواج کے لئے حقیقی تمغے ہیں۔ وقت نے ثابت کر دیا ہے کہ "عسکری سفارت کاری ہی سب پہ بھاری" ہے۔ آج کوئی سونامی کوئی جنون نہیں ہر طرف سکون ہی سکون ہے کیونکہ ملک دشمنی اور بد امنی سے نمٹنے کے لئے فیلڈ مارشل کی صورت میں واحد حل موجود ہے۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 78 ویں یوم آزادی پہ قوم کو سابق خاتون اول کے تعویذ گنڈے کی سوچ سے آزادی ملنے پر بھی مبارکباد پیش کرتی ہوں، شکر ہے اب شوہر پرستی کے نام ملک پر حکومت کرنے کے لئے توہم پرستی باقی نہیں رہی ہے۔ سینئر رہنما آئی پی پی کا کہنا تھا کہ جنگ کے بعد پاکستانی امن کوششوں کو دنیا بھر میں پاکستان مہربان کے طور پر سراہا جا رہا ہے، قیام پاکستان کا خواب استحکام پاکستان سے ہی تکمیل پائے گا۔

آج ملک کو معاشی محاذ پر کامیاب بنانے اور اندرونی و بیرونی سازشوں سے بچانے کے لئے بطور قوم اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں سے نبرد آزما ملک ہونے کے باوجود پاکستان نے دنیا بھر میں امن کا پرچم بلند کیا۔ آج ہمیں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے فرامین پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔

جو شفاف گوئی، دلیری اور اصول پرستی ان کی شخصیت کا خاصہ تھی بطور قوم ہمیں بھی اپنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے اپنے لہو کے دئیے جلا کر ہمیں جو آزادی کی روشنی دی اسے مزید تابناک بنانا ہے۔ ہمارے اسلاف کی قربانیاں پاکستان بنانے کے لئے تھیں ہماری قربانیاں اسے بچانے کے لئے ہیں اور ہماری اگلے نسل اسے سجانے کے لئے قربانیوں سے دریغ نہیں کرے گی۔ آزاد مملکت کے قیام کے بعد اسے ترقی و استحکام دلانے کے لئے ہمیں ایک قوم بننا ہو گا۔