Live Updates

حکومت نے تقریباً 2 ماہ قبل انتقال کرجانے والی خاتون کو اہم عہدے پرترقی دیدی

ڈاکٹر فرخندہ ضیاء کی تعیناتی کی سمری ارسال کی گئی، سمری منظوری کے بعد تعیناتی کا نوٹی فکیشن بھی جاری

Sajid Ali ساجد علی پیر 11 اگست 2025 12:09

حکومت نے تقریباً 2 ماہ قبل انتقال کرجانے والی خاتون کو اہم عہدے پرترقی ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 اگست 2025ء ) وفاقی وزارت تعلیم نے سنگین لاعلمی کے باعث دو ماہ قبل انتقال کر جانے والی خاتون کو اہم عہدے پرترقی دے دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ رحمت العالمین ﷺ اتھارٹی کی رکن ڈاکٹرفرخندہ ضیاء 22 جون 2025ء کو وفات پا چکی ہیں لیکن اتھارٹی کی جانب سے ان کے انتقال کی خبروزارت تعلیم کونہیں دی گئی، جس کے باعث ان کا نام فہرست میں شامل رہا اور وزیراعظم آفس کو ڈاکٹر فرخندہ ضیاء کی تعیناتی کی سمری ارسال کردی گئی، وزیراعظم آفس کی طرف سے اس سمری کی منظوری کے بعد ان کی تعیناتی کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا، وزیراعظم کی جانب سے مجموعی طور پر رحمت العالمین ﷺ اتھارٹی کے 6 ارکان کے تقرر کی منظوری دی گئی۔

بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے رحمت اللعالمین و خاتم النبیین ﷺ اتھارٹی کے جو 6 ارکان تعینات کیے، ان میں ممتاز مصنف، محقق اور کالم نگار ڈاکٹر فاروق عادل، ڈاکٹر عزیز الرحمان، ظفر محمود ملک، ڈاکٹر فرخندہ ضیاء، علامہ عارف حسین واحدی اور ڈاکٹر قبلہ ایاز ان مقرر ہونے والے ارکان میں شامل ہیں، ممتاز دانشور خورشید ندیم اس اتھارٹی کے چیئرمین ہیں، وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے نوٹیفکیشن کے تحت یہ تقرری اعزازی بنیادوں پر کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ نیشنل رحمت للعالمین ﷺ اتھارٹی پاکستان میں ایک اتھارٹی ہے جو انصاف اور فلاحی ریاست کے لیے اقدامات کرتی ہے، اتھارٹی نوجوانوں کی کردار سازی کے لیے سیرت نبوی ﷺ اور احادیث پر تحقیق کرتی ہے، اس کے علاوہ سیرت نبوی ﷺ کو نصاب کا حصہ بنانے کے لیے اتھارٹی کی جانب سے متعلقہ ماہرین سے مشاورت کی جاتی ہے، اس کے قیام کا اعلان پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں اس وقت کے وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں عشرہ رحمت اللعالمین ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا تھا۔

بتایا جارہا ہے کہ اتھارٹی کے قیام کا آرڈیننس اس وقت کے صدر مملکت عارف علوی نے 14 اکتوبر 2021ء کو جاری کیا تھا، صدر مملکت عارف علوی کے جاری کردہ آرڈیننس کے مطابق نیشنل رحمت للعالمین ﷺ اتھارٹی ایک چیئرمین اور 6 ارکان پر مشتمل ہوگی، اتھارٹی کے چیئرمین کا تقرر وزیر اعظم کریں گے، کمیٹی کا مشاورتی بورڈ سہ ماہی بنیادوں پر کم از کم ایک بار اجلاس طلب کرنے کا پابند ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات