اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) سابق نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی اور بین الاقوامی امور کے سکالر احمد حسن العربی کی مشترکہ تصنیف "The War that Changed Everything" کی تقریب رونمائی پیر کو ہوئی۔کتاب میں پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے بارے میں چونکا دینے والے انکشافات ہیں اور بھارتی ریاستی دہشت گردی کے بارے میں ایک تاریخی تناظر پیش کیا گیا ہے۔
تقریب میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف، سابق وفاقی وزیر خرم دستگیر اور معروف صحافی طلعت حسین سمیت سیاسی، میڈیا اور سفارتی حلقوں سے تعلق رکھنے والے معزز مہمانوں نے شرکت کی۔تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف سمیت معززین کا خیرمقدم کیا اور بحران کے دوران آذربائیجان کی غیر متزلزل حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
(جاری ہے)
انہوں نے اس اشاعت کو ذاتی یا پیشہ وارانہ کامیابی کے طور پر نہیں بلکہ جرات، قربانی اور قومی لچک کی دستاویز کے طور پر بیان کیا ۔انہوں نے کہا کہ یہ 250 ملین بہادر لوگوں کے بارے میں سچائی کا لیجر ہے جو دھوکہ دہی کے سامنے ڈٹے رہے۔کتاب میں 22 اپریل 2025ء کو پہلگام قتل عام سے شروع ہونے والے واقعات کا سراغ لگایا گیا ہے جہاں کشمیر میں 26 سیاح مارے گئے تھے۔
مرتضیٰ سولنگی اور شریک مصنف احمد حسن کا استدلال ہے کہ اس واقعہ کا فائدہ ایک وسیع تر ایجنڈے کو ثابت کرنے کے لئے کیا گیا، پاکستان کو جارح کے طور پر پیش کرنا، کشمیریوں کے اختلاف کو شیطانی بنانا اور سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنا، وہ ڈیجیٹل فرانزک سے لیک ہونے والی فائلوں تک تفصیلی شواہد پیش کرتے ہیں، سرکاری ہندوستانی اکائونٹ میں تضادات کو بے نقاب کرتے ہوئے یہ تجویز کرتے ہیں کہ بحران ملکی حمایت کو بڑھانے اور اندرونی چیلنجوں سے توجہ ہٹانے کے لئے بنایا گیا تھا، اس کتاب میں ٹائم لائن، جغرافیائی سیاسی نتائج، اور پاکستان کی سٹریٹجک تحمل بشمول آپریشن بنیان مرصوص کی درستگی کی تفصیل دی گئی ہے۔
احمد حسن العربی نے اس بات پر زور دیا کہ فوجی کارروائیوں اور جیو پولیٹیکل چالوں سے ہٹ کر کتاب بحران کے پیچھے انتہا پسند نظریہ ہندوتوا کی تحقیقات کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک عسکریت پسند، بالادستی کا عالمی نظریہ ہندوستان کے موجودہ سیاسی ماحول کو چلا رہا ہے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ آر ایس ایس کی طرف سے پروپیگنڈہ اور بی جے پی کا حمایت یافتہ نظریہ نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی امن کے لئے خطرہ ہے، مذہبی اقلیتوں کو نشانہ بنا رہا ہے اور 'اکھنڈ بھارت' جیسے توسیع پسندانہ بیانیے کو فروغ دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے ایسی فاشسٹ قوتوں کے خطرات کا اندازہ لگایا تھا اور دلیل دی کہ پاکستان ان کے عروج کے خلاف فرنٹ لائن دفاع ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلگام کا واقعہ صرف عام شہریوں پر حملہ نہیں تھا بلکہ یہ خود سچائی پر حملہ تھا۔ انہوں نے صحافیوں، محققین اور عالمی پالیسی سازوں پر زور دیا کہ وہ اس حقیقت کا سامنا کریں کہ ہندوتوا محض ایک اندرونی ہندوستانی مسئلہ نہیں ہے بلکہ ایک بین الاقوامی خطرہ ہے۔
مہمان مقرر محمد ادریس خان نے شمالی کے پی جیسے خطوں کے لئے کتاب کی مطابقت پر زور دیا جو طویل عرصے سے تنازعات کی صفوں میں رہے ہیں۔ سوات، کوہاٹ اور بنوں میں عسکریت پسندی سے لڑنے کے اپنے تجربے سے اخذ کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ کس طرح کتاب کا مواد ان علاقوں کے لوگوں کو درپیش حقائق سے مطابقت رکھتا ہے،یہ کتاب نہ صرف مواد کے لحاظ سے اچھی طرح سے لکھی گئی ہے بلکہ اس کی زبان اور گہرائی واقعی جدید جنگ اور پروپیگنڈے کی پیچیدگی کو پکڑتی ہے۔
سابق وفاقی وزیر خرم دستگیر خان نے کتاب کو تاریخ کا بروقت اور مستند پہلا مسودہ قرار دیا۔ انہوں نے تنازعہ کے فوراً بعد واقعات کو دستاویزی شکل دینے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مصنفین نے جنگ کے صرف تین ماہ بعد بیانیہ کو مستحکم کرکے ایک نیا معیار قائم کیا ہے، یہ صرف ایک کتاب نہیں ہے، یہ مستقبل کے مورخین کے لئے ایک بنیادی متن ہے جو کہ ہمارے بارے میں غیر ملکی مصنفین کے ہماری کہانی سنانے کا انتظار کئے بغیر ہمارے بارے میں لکھا گیا ہے۔
خرم دستگیر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ کس طرح یہ کتاب بھارت کی جنگ کے بعد کی سفارتی اور سٹریٹجک ناکامیوں کو ظاہر کرتی ہے، بشمول علاقائی غلبہ اور عالمی شناخت کے لئے اس کے عزائم کا ٹوٹنا۔ انہوں نے ریمارکس دیئے کہ پاکستان کو بین الاقوامی فورمز میں تنہا کرنے کی ناکام کوششوں سے لے کر مغرب کی طرف سے تعزیری بیان بازی تک، شکست نے بھارت کی فوجی حدود کو بے نقاب کر دیا اور ایک ابھرتی ہوئی سپر پاور کے طور پر اس کی خود ساختہ تصویر کو پنکچر کر دیا۔
پاکستان کے کامیاب فوجی تعاون اور پختہ سفارتی موقف کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے چار روزہ تنازعہ کو قومی اتحاد کا ایک نادر لمحہ اور اندرونی سیاسی کشمکش اور عالمی شکوک و شبہات کے درمیان حاصل ہونے والی "قومی طاقت کا غیر متوقع اظہار" قرار دیا۔