چین اور برازیل گلوبل ساؤتھ کے لیے خود انحصاری کی مثال بن سکتے ہیں، چینی صدر کی برازیلین ہم منصب سے ٹیلیفونک گفتگو

منگل 12 اگست 2025 12:20

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین اور برازیل گلوبل ساؤتھ کے لیے خود انحصاری کی مثال بن سکتے ہیں۔اے ایف پی کے مطابق یہ بات انہوں نے منگل کو برازیلی صدر لولا ڈا سلوا سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کہی۔ شی جن پنگ اور برازیلی صدر لولا ڈا سلوا کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ اس وقت ہوا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین پر عائد بھاری ٹیکسوں میں 90 دن کی مزید مہلت کا اعلان کیا۔

برازیلی صدر نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ وہ بھارت اور چین کے رہنماؤں سے بات کر کے امریکی تجارتی اقدامات کے مشترکہ ردعمل پر غور کرنا چاہتے ہیں۔ چینی سرکاری خبر رساں ایجنسی شِنہوا کے مطابق شی جن پنگ نے صدر لولا ڈا سلوا کو بتایا کہ چین اور برازیل کے تعلقات اس وقت تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں اور دونوں ممالک ابھرتی ہوئی معیشتوں کے لیے خود انحصاری کی مثال قائم کر سکتے ہیں، ایسے وقت میں جب تجارتی اور جغرافیائی سیاسی چیلنجز میں اضافہ ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چین برازیل کے ساتھ مل کر بڑے ممالک کے درمیان اتحاد اور خود انحصاری کی مثال قائم کرے گا اور ایک زیادہ منصفانہ دنیا اور پائیدار کرۂ ارض کی تعمیر میں شریک ہوگا۔ چینی صدر نے مزید کہا کہ تمام ممالک کو متحد ہو کر یکطرفہ اقدامات اور تجارتی تحفظ پسندی کی مخالفت کرنی چاہیے۔برازیلی صدارتی دفتر کے بیان کے مطابق تقریباً ایک گھنٹہ جاری رہنے والی اس کال میں دونوں رہنماؤں نے یوکرین کی جنگ اور ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے سمیت کئی امور پر تبادلۂ خیال کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ دونوں رہنمائوں نے کثیرالجہتی کے دفاع میں جی-20 اور برکس کے کردار پر اتفاق کیا، دونوں رہنماؤں نے صحت، تیل و گیس، ڈیجیٹل معیشت اور سیٹلائٹ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے دائرہ کار کو بڑھانے کا عزم ظاہر کیا۔