گورنر ہاؤس کراچی میں "معرکہ حق ط جشنِ آزادی" کی تقریب

10 مئی کو افواجِ پاکستان نے دشمن کو تاریخ ساز شکست دی،کامران ٹیسوری کا خطاب

منگل 12 اگست 2025 17:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2025ء)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی میزبانی میں گورنر ہاؤس کراچی میں "معرکہ حق ط جشنِ آزادی" کی شاندار اور یادگار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ڈیجیٹل اسٹیج سجایا گیا۔ عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم اور کیفی خلیل نے اپنے دلکش گیتوں سے شرکاء کو محظوظ کیا، جبکہ عوام کا جوش و خروش دیدنی تھا اور فضا ملی نغموں سے گونج اٹھی۔

تقریب میں عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی، اور گورنر ہاؤس کے تمام دروازے شہریوں کے لیے کھول دیے گئے۔ اپنے خطاب میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ معرکہ حق، جشنِ آزادی پورے جوش و جذبے اور دگنے ولولے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ 10 مئی کو افواجِ پاکستان نے دشمن کو ایسی دھول چٹائی کہ وہ ہمیشہ یاد رکھے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل آزادی اور ہر مذہب کو عزت و احترام حاصل ہے، جبکہ اقلیتیں ملک کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔

اس موقع پر پنڈال "پاکستان زندہ باد" کے نعروں سے گونج اٹھا۔ تقریب میں چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان و وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، سینئر رہنمائ ڈاکٹر فاروق ستار، انیس قائم خانی، سندھ اسمبلی کے قائد حزب اختلاف علی خورشیدی، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، فنکاروں اور عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ معرکہ حق ط جشنِ آزادی میں اقلیتی برادری کی نمایاں اور بھرپور شمولیت، ان کا جوش و ولولہ اور حب الوطنی قابل دید رہی۔