کاش پاکستان کے پاس فیلڈ مارشل عاصم منیر جیسا جمہوری لیڈر بھی ہوتا، فیصل واوڈا

نہ پہلے کوئی لیڈر تھا نہ آج کوئی ہے اور نہ ہی آگے کوئی نظر آ رہا ہے اب دیکھیں اس کے بعد کیا کیا ہوتا ہے؟ آزاد سینیٹر کا بیان

Sajid Ali ساجد علی منگل 12 اگست 2025 17:21

کاش پاکستان کے پاس فیلڈ مارشل عاصم منیر جیسا جمہوری لیڈر بھی ہوتا، ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 اگست 2025ء ) سابق وفاقی وزیر اور موجودہ آزاد سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ کاش پاکستان کے پاس فیلڈ مارشل عاصم منیر جیسا جمہوری لیڈر بھی ہوتا۔ اس حوالے سے سوشل میدیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جیسا کہا تھا بالکل ویسے ہی فیلڈ مارشل کی عالمی کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے، انڈیا کو جنگ میں بد ترین شکست اور ٹیرف میں عالمی شرمندگی کے بعد فیلڈ مارشل کا ایک اور بین الاقوامی معرکہ جس میں انڈیا کے سپانسرڈ بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو امریکہ کی جانب سے عالمی دہشت گرد قرار دے دیا گیا جس کا مطلب ایک طریقے سے انڈیا ہی دہشت گرد ہے۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل نے اپنی قابلیت کو بین الاقوامی طور پر ثابت کر دیا ہے، کاش پاکستان کے پاس فیلڈ مارشل جیسا جمہوری لیڈر بھی ہوتا، نہ پہلے کوئی لیڈر تھا نہ آج کوئی ہے اور نہ ہی آگے کوئی نظر آ رہا ہے اب دیکھیں اس کے بعد کیا کیا ہوتا ہے؟۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں سابق آرمی چیف قمر باجوہ کو توسیع دینے پر پی ٹی آئی رہنماء اسد قیصر کی جانب سے کے قوم سے معافی مانگنے پر سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ایکسٹینشن نہیں تسلسل جاری رہے گا، رہے گا اور رہے گا، اللہ کرم رکھے اگر کسی کے باپ میں دم ہے تو اس تسلسل کو روک کے دکھائے، پاکستان کی ترقی کا یہ سفر جاری رہے گا، قوم کو وقت سے پہلے بتا دیا تھا کہ امریکہ سے مثبت خبر آنے والی ہے وہ آ چکی ہے، وقت سے پہلے بتا دیا تھا کہ پی ٹی آئی کے نظریاتی لوگ جو بانی اور پی ٹی آئی کی پیٹھ میں خنجر گھونپ رہے ہیں بشمول میرا دوست گنڈا پور جو اپنے اقتدار کے آخری مراحل میں ہے اور اس وقت بھی اپنی خدمات پیش کر رہا ہے تاکہ بچت ہو سکے، کیسے کیسے خنجر مارا گیا یہ سب قوم کو وطن واپسی پر بتاؤں گا۔