اس بار جشن آزادی فاتح کی حیثیت سے منانے جارہے ہیں،مجھے اپنی فوج پر فخر ہے،وفاقی وزیر حنیف عباسی

منگل 12 اگست 2025 21:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ اس بار جشن آزادی فاتح کی حیثیت سے منانے جارہے ہیں،مجھے اپنی فوج پر فخر ہے، پاکستان کو اس وقت دنیا میں طاقتور ملک کے طور پر مانا جاتا ہے۔منگل کو راولپنڈی آرٹس کونسل میں جشنِ آزادی کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں آج بیٹیوں کے لئے بہترین تعلیمی اور سفری سہولیات میسر ہیں، ہم نے کسی کو گالی دیئے بغیر جیل کاٹی اور اپنے قائد کے ساتھ چار ماہ قید میں گزارے۔

انہوں نے کہا کہ آج جو شخص جیل میں ہے وہ سزا یافتہ مجرم ہے اور گالیاں بھی دے رہا ہے،کچھ لوگوں کی قسمت میں بدبختی لکھ دی گئی ہے، اس بار جشنِ آزادی فاتح کی حیثیت سے منایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ معرکہ حق کے بعد پاکستان نے اسلامی دنیا میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے، بھارتی ایئر چیف نے پاکستانی جہاز گرانے کے حوالے سے بے بنیاد اور جھوٹا دعوی کیا جبکہ دنیا نے دیکھا کہ پاکستان نے دشمن ملک بھارت کے چھ جہاز مارگرائے ، اگر ہمارا پانی روکا گیا تو بھارت کا ڈیم اڑادیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اس خطے کا غنڈہ ہے، جس سے ہم نے اپنا حق چھینا ہے اور آج بنگلہ دیش میں ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعرے لگ رہے ہیں، کشمیر کے عوام آزادی اور غلامی کا فرق جانتے ہیں، ہندوستان اپنی پراکسی کے ذریعے معصوم شہریوں کو بسوں سے اتار کر قتل کر رہا ہے مگر پنجابی، بلوچی، کشمیری سمیت ہر پاکستانی پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہے۔محمد حنیف عباسی نے کہا کہ اربوں ڈالر لیبیا اور شام کے پاس بھی تھے مگر جنگ پیسوں سے نہیں جیتی جاتی، بھارت آج اس سوچ میں ہے کہ زیادہ جہاز اور فوج رکھنے کے باوجود وہ کیسے ہار گیا،وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے شہدا کے مجسمے توڑنے والے سزا کے بعد سیاست سے باہر ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فوجی جوانوں نے لاہور میں مظاہرین سے پتھر کھائے مگر گولی نہیں چلائی، آج پاکستان مضبوط ہاتھوں میں ہے۔انہوں نے بتایا کہ پونے دو ارب روپے کی لاگت سے راولپنڈی کے ہسپتال اپ لفٹ کئے جا رہے ہیں، ہم گالیوں کی بنیاد پر نہیں بلکہ کارکردگی کی بنیاد پر عوام کے سامنے بات کرتے ہیں۔