موجودہ حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، رانا مشہود احمدخاں کا نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب

منگل 12 اگست 2025 22:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمدخاں نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نوجوانوں کوبااختیار بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے،بوٹی مافیا کا خاتمہ کر کے بچوں کو ان کی صلاحیتوں کی بنیاد پر آگے آنے کا موقع ملاہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ قابلیت کی بنیاد پر آگے آنے کا موقع ملنے سے غریبوں کے بچوں نے ترقی کی کیونکہ وزیراعظم محمدشہباز شریف نے ان کے سر پر دست شفقت رکھا ہے جس کے باعث انہیں میرٹ پر آگے بڑھنے کا موقع ملتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 2011ء میں بطور وزیراعلی پنجاب پاکستان کی پہلی یوتھ پالیسی دی، یہ یوتھ پالیسی تعین کرتی ہے کہ سارا زور تعلیم پہ لگانا ہے اپنے بچے بچیوں کو آگے بڑھنے کاموقع دینا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس پالیسی کے تحت نوجوانوں کو لیپ ٹاپس، سکالرشپس اور آسان شرائط پر قرضے دیے جاتے ہیں اور سب سے بڑھ کر میرٹ پر آگے بڑھنے کا موقع دیا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تعلیم حاصل کرنے کیلئے کم وسائل رکھنے والوں کیلئےفلیگ شپ پروجیکٹ پنجاب ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کا آغاز کیا جاتا ہے اور آج کے دن تک لاکھوں بچے بچیاں اس سے مستفید ہو ئےہیں۔

آج پنجاب ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ پاکستان ایجوکیشن اینڈ ومنٹ فنڈ بن چکا ہے، پاکستان کا بچہ بچہ اس سے فائدہ اٹھا سکتا ہے، آج پنجاب دانش اتھارٹی پاکستان دانش اتھارٹی پاکستان بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمدشہباز شریف نے وعدہ کیا تھا کہ نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے لیے وسائل کی کمی نہیں ہونے دوں گا اور یہ ایک ایسے وزیراعظم کا وعدہ ہے جو کہتا ہے کر کے دکھاتا ہے، جو انہوں نے کہا کر کے دکھایا۔

وزیراعظم شہباز شریف اورپرائم منسٹر یوتھ پروگرام نوجوانوں کو با اختیار بنانے کے لیے ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ نوجوانوں کوصرف ایک کام کرنا ہے اوروہ محنت کرنی ہے، اپنی زندگیاں بنانے کے لیے جدوجہد کرنی ہے،عزم اور نیت کے ساتھ آگے بڑھنے کا حوصلہ پیدا کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ فنی تعلیم، آئی ٹی، سکالرشپس اور آن لائن ٹریننگز کے مواقع ڈیجیٹل یوتھ ہب پر موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے26 مارچ کو پاکستان کے پہلے اور دنیا کے منفرد ترین ڈیجیٹل یوتھ ہب کا اجرا کیا اور انتہائی قلیل مدت میں پانچ لاکھ سے زائدبچے اور بچیاں اس پر اپنے آپ کو رجسٹرڈ کرا چکے ہیں ، 17 لاکھ کے قریب ڈائون لوڈزکر چکے ہیں، نوجوانوں کیلئے تمام معلومات ایک کلک پر موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ وزیراعظم شہباز شریف اور حکومت کا وژن ہے،ہمارا عزم نوجوانوں کو عزت و وقار کے ساتھ اپنے پائوں پر کھڑا کرنا ہے۔