آپریشن بنیان مرصوص کے بعد پاکستان ترقی کی منازل طے کر رہا ہے ،عظمی بخاری

منگل 12 اگست 2025 23:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے الحمرا کلچرل کمپلیکس لاہور میں جشن آزادی کے موقع پر منعقدہ عظیم الشان کنسرٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آج ایک نئے سفر پر گامزن ہے، جہاں آپریشن "بنیان مرصوص" کے بعد ملک ترقی کی نئی منازل طے کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک افواج نے نہ صرف سرحدوں پر بھارت کو شکست دی بلکہ اس کی پراکسیز کو بھی ناکام بنایا۔

کنسرٹ میں صوبائی وزیر شافع حسین،فیصل کھوکھر، معاون خصوصی سلمی بٹ،سیکرٹری اطلاعات طاہر رضا ہمدانی، ڈی جی پی آر غلام صغیر شاہد،چیئرمین الحمرا رضی احمد و دیگر سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر عظمی بخاری نے شریک نوجوانوں، فنکاروں اور شہریوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اپنی آزادی کا تحفظ کرنا ہے۔

(جاری ہے)

حصولِ آزادی سے تحفظِ آزادی آج ہمارا تھیم ہے۔

یہ وہ مشن ہے جسے ہم نے ہر حال میں جاری رکھنا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت اپنی پراکسیز کے ذریعے پاکستان کے مختلف علاقوں میں جنگ چھیڑنے کی کوشش کر رہا ہے، لیکن قوم کو اپنی افواج پر مکمل اعتماد ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک افواج کے جوانوں کے حوصلے بلند کرنا ہر پاکستانی کا فرض ہے۔اس موقع پر عظمی بخاری نے کہا کہ عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم، اپنے والد کے انتقال کے باوجود قومی جذبات کے پیشِ نظر تقریب میں شرکت کرنا چاہ رہے تھے۔

ان کی اس قربانی کو بھرپور سراہا جائے گا۔ عظمی بخاری نے مزید بتایا کہ 6 ستمبر کو ایک اور خصوصی ایونٹ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں عاطف اسلم دوبارہ پرفارم کریں گے۔ایونٹ کی ٹکٹوں پر رش کے باعث قیمت رکھی گئی تھی، لیکن عوامی خواہش کے احترام میں تمام ٹکٹ ہولڈرز کو رقم واپس کی جائے گی۔وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے شہدا کی قربانیوں کو یاد رکھتی ہے، اور ان قربانیوں کی بدولت آج ہم آزادی کا جشن منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی ہمارے ملک کو قیامت تک سلامت رکھے۔ یہ قوم ناقابلِ شکست ہے اور کوئی اسے جھکا نہیں سکتا۔ کا اختتام ملی نغموں، عوامی جوش و خروش اور پاکستان زندہ باد کے نعروں کے ساتھ ہوا۔