"پاکستان ہمیشہ زندہ باد" معرکہ حق یومِ آزادی پر آئی ایس پی آر کا نیا نغمہ جاری

نغمے میں خون کے آخری قطرے تک وطن کے لیے قربانیاں دینے کا عزم ظاہر کیا گیا؛ آئی ایس پی آر

Sajid Ali ساجد علی بدھ 13 اگست 2025 14:55

"پاکستان ہمیشہ زندہ باد" معرکہ حق یومِ آزادی پر آئی ایس پی آر کا نیا ..
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اگست 2025ء ) معرکہ حق یومِ آزادی کے موقع پر آئی ایس پی آر کی جانب سے ایک اور نیا نغمہ جاری کردیا گیا۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق معرکہ حق یومِ آزادی پر معروف گلوکار راحت فتح علی خان کا نیا ملی نغمہ "پاکستان ہمیشہ زندہ باد " ریلیز کیا گیا ہے، "پاکستان ہمیشہ زندہ باد" کے عنوان سے وطن کے جذبے، قربانیوں اور حب الوطنی کے عزم کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا، نغمے میں وطن سے محبت اور شہداء کی لازوال قربانیوں کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ نغمے میں خون کے آخری قطرے تک وطن کے لیے قربانیاں دینے کا عزم ظاہر کیا گیا، معروف گلوکار کے اس نغمے میں قوم کی بہادری اور شہداء کی قربانیوں کی شاندار داستان بیان کی گئی، نغمے میں پاکستان کی عظمت اور عوام کے اتحاد کی واضح جھلک کو خوبصورتی سے پیش کیا گیا، نغمے میں بہادری، قربانی اور وطن کے وقار کا دلکش امتزاج شامل ہے، یومِ آزادی کے موقع پر آئی ایس پی آر کا جاری کردہ ملی نغمہ قربانی اور تجدیدِ عہد وفا کا پیکر ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں پاک فوج کے ترجمان ادارے کی جانب سے پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر جواد احمد کی آواز میں خصوصی ملی نغمہ جاری کیا گیا ہے، اس نغمے میں جواد احمد نے اپنی آواز کے سُر بکھیرے ہیں جب کہ نغمے کے بول قومی ترانے کی پہلی سطر''پاک سر زمین شاد باد'' سے متاثر ہیں، نغمے میں پاکستانی قوم کی ہمت، بہادری اور محنت کو اجاگر کیا گیا ہے۔

یہ نغمہ ملک کی مختلف اقوام کی یکجہتی، جذبے اور قومی اتحاد کی عکاسی کرتا ہے، نغمے میں وطن کے محافظوں کو شیر اور شاہین سے تشبیہ دیتے ہوئے ہر سطر میں حب الوطنی اور پاکستان سے محبت کے جذبے کو نمایاں کیا گیا ہے، یہ نغمہ قوم میں جذبہ حب الوطنی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جس میں معرکہ حق میں ملنے والی شاندار فتح کو قومی اتحاد کا ایک واضح ثبوت بتایا گیا ہے۔