مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے کِڈز آزادی واک کاانعقاد

بدھ 13 اگست 2025 17:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2025ء)پاکستان مرکزی مسلم لیگ کراچی کے زیر اہتمام ہفتہ آزادی کی مناسبت سے اسکولوں کے بچوں کی شاندار آزادی واک کا انعقاد کیا گیا، جو خالد بن ولید روڈ سے شروع ہو کر شاہراہِ قائدین تک جاری رہی۔ واک میں بچوں، اساتذہ، والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ فضا پاکستان زندہ باد اور افواجِ پاکستان پائندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی، جبکہ ملی نغموں اور خوبصورت ٹیبلو نے شرکا کا جوش و جذبہ دوبالا کر دیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی مسلم لیگ سندھ کے صدر فیصل ندیم نے کہا کہ پاکستان اپنی آزادی کی حفاظت کرنا جانتا ہے دشمن نے ہمیشہ سازشیں کیں مگر ہم نے ایمان، اتحاد اور قربانی کے جذبے سے ہر چیلنج کا مقابلہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے رات کے اندھیرے میں پاکستان پر حملہ کیا لیکن پاکستان نے اس کے دانت کھٹے کر دیے۔ پاکستان کی بنیاد لا الہ الا اللہ پر رکھی گئی، ہمارے پاس جذبہ ایمانی اور شوقِ شہادت موجود ہے، اس لیے ہمیں شکست نہیں دی جا سکتی۔

فیصل ندیم نے مزید کہا کہ معرکہ حق کے بعد پاکستان نئی بلندیوں کی جانب بڑھ رہا ہے، ان شااللہ غزہ اور کشمیر آزاد ہوں گے اور پاکستان پوری مسلم امہ کا دفاع کرے گا۔اس موقع پر مرکزی مسلم لیگ کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان نے کہا کہ پاکستان اللہ کی عظیم نعمت ہے اور اس کا شعور نئی نسل کو دینا لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہفتہ آزادی کے دوران مرکزی مسلم لیگ ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے مختلف پروگرامات کا انعقاد کر رہی ہے۔ 14 اگست کو شاہراہِ فیصل سے شاہراہِ قائدین تک عظیم الشان آزادی مارچ منعقد کیا جائے گا۔جس میں شہر بھر سے عوام کی بڑی تعداد اپنے وطن سے بھر پور محبت کا اظہار کرے گی۔