آزادی کی قدر کرنے والی قومیں ہی کامیاب و کامران رہتی ہیں،قاری لیاقت علی مغل

بدھ 13 اگست 2025 22:04

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2025ء)جمعیت علماء اسلام سٹی سکھر کے سیکریٹری جنرل قاری لیاقت علی مغل نے کہا ہے کہ وطن عزیز پاکستان نعمت خداوندی اور ایک عظیم تحفہ ہے، آزادی کی قدر کرنے والی قومیں ہی کامیاب و کامران رہتی ہیں،انتہائی افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ جشن آزادی کے نام پر موسیقی ڈانس اور بے حیائی کے پروگرام کو فروغ دیا جارہا ہے جس کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں جاری کردہ بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ آ زادی اللہ تعالیٰ کی ایک بہت بڑی نعمت ہے اس کا جتناشکر ادا کیا جائے کم ہے ہمیں ملک کی امن سلامتی خوشحالی اور تعمیر وترقی کے لئے ہم سب کو مل کر جہدوجہد کرنی چاہیے یہ ملک بہت بڑی قربانیوں حاصل کیا گیا ہے ہمیں اپنے بڑوں کی قربانیوں نہیں بھولنا چاہیے،جمعیت علماء اسلام سٹی سکھر کے سیکریٹری جنرل قاری لیاقت علی مغل کا مزیدکہنا تھا ہ سکھر میں ہونے والے جشن آزادی میوزک کنسرٹ پر 25کروڑ روپے سے زائد رقم خرچ کی گئی جبکہ سکھر کی عوام بنیادی و بلدیاتی سہولیات سے محروم زندگی بسر کرنے پر مجبور ہے ، جبکہ سکھر کے مئیر صرف میوزک تقریبات میںکروڑوں روپے خرچ کرنے میں مصروف ہیں ، انہیں سکھر کی عوام کا کوئی خیال نہیں ہے انہوں نے کہا کہ جشن آزادی 14اگست کی آ ڑمیں بھی کروڑوں روپے کی کرپشن ہورہی ہے اورواکنگ ٹریک پرصرف ایک کروڑ کاپرچم لگایا جارہا ہے جو سکھر انتظامیہ کی کرپشن کی اعلیٰ مثال دیکھائی دے رہا ہے ، مئیر سکھر کو چاہئے کہ وہ میوزک پروگراموں میں کروڑوں روپے خرچ کرنے کے بجائے عوام کو بنیادی و بلدیاتی سہولیات فراہم کرنے کیلئے اپنی کوشش کریں ، ان کا کہنا تھا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ اقبال اور تحریک پاکستان کے عظیم رہنمائوں کی انتھک جدوجہد کے نتیجے میں اللہ تعالیٰ نے ہمیں اسلامی جمہوریہ پاکستان عطا کیا جس میں آج ہم آزاد فضاء میں سانس لے رہے ہیں، یوم آزادی کا تقاضا ہے کہ ہم آپس کے اختلافات کو ختم کر کے امن و سلامتی ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے کام کریں ان کا مزید کہنا تھا کہ زندہ قوموں کیلئے آزادی کا دن نا صرف یادگار بلکہ ان کے لئے ایک عظیم اور شہدائے آزادی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے حوالے سے تاریخی اہمیت کا حامل ہوتا ہے، پاکستان ایک منفرد سوچ و فکر اور نظریے کے پیش نظر معروض وجود میں آیا ،جمعیت علماء اسلام کے کارکنان سمیت پوری قوم اپنی بہادر فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔