مظفر آباد ،وادی نیلم کے ضلعی ہیڈکوارٹر آٹھمقام میں پاکستان کا یوم آزادی انتہائی جوش وخروش اورملی جزبے کے ساتھ منایا گیا

جمعرات 14 اگست 2025 17:33

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) ملک بھر کی طرح وادی نیلم میں پاکستان کا78 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ وزیر قانون میاں عبدالوحید ایڈووکیٹ نے پرچم کشائی کی۔ جشن آزادی و معرکہ حق کی مرکزی تقریب ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز آٹھمقام میں منعقد ہوئی۔ پولیس اور طلبہ سکاوٹس نے سلامی دی، صبح کا آغاز مساجد میں ملکی سلامتی و استحکام اور تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کیلئے دعاؤں کے ساتھ ہوا، تقریب کے آغاز پر سائرن بجاکر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، قومی و ریاستی ترانے بجائے گئے، وزیر قانون، انصاف وپارلیمانی امور میاں عبد ا الوحید ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو جشن آزادی مبارک ہو، مملکت خداداد پاکستان لا الہ الا اللہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا، معرکہ حق میں فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے بھارت کو دندان شکن جواب دیا، آزادی بڑی نعمت ہے اس کی قیمت غلامی کے شکنجے میں جھکڑے مقبوضہ کشمیر کی عوام سے بہتر کوئی نہیں جانتا، لہو جلا کر روشن کی گئی شمع ہمیشہ روشن رہتی ہے، اپنے اسلاف کی قربانیوں کے نتیجے میں حاصل کئے گئے ملک کے استحکام کیلئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، معرکہ حق کی فتح سے ملک و قوم کا دنیا میں وقار بلند ہوا، دشمن سرحدی اور نظریاتی محاذ پر نقب لگائے بیٹھا ہے ہمیں دونوں محاذوں پر ملکر دشمن کا مقابلہ کرنا ہے، سوشل میڈیا پر نظریاتی خلفشار سے خود کو محفوظ کرنا ہو گا اور دشمن کے پروپیگنڈے کا موثر جواب دینا ہو گا، مسلح افواج پاکستان کی قربانیوں کی بدولت ہم سب سکون سے سو رہے ہیں، اللہ رب العزت نے ہندوستان کو رسوا کیا اور پاکستان کو تکریم سے نوازا، آج کے دن ہم عہد کرتے ہیں کہ آزادی کی نعمت کی قدر کریں گے، پاکستان آزاد کشمیر اور مقبوضہ جموں وکشمیر کے کشمیریوں کی منزل ہے، مقبوضہ کشمیر کے کشمیری سبز ہلالی پرچم میں دفن ہوتے ہیں، شہداء، غازیوں اور پاک فوج کے جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں، وزیر قانون نے فالکن برگیڈ، ضلعی انتظامیہ، برڈ فاؤنڈیشن اور ملین سمائلز فاؤنڈیشن و دیگر کو بہترین جشن آزادی تقریبات کے انعقاد پر مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

تقریب کے آخر میں ملکی سلامتی واستحکام اور تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کے لیے دعا کی گئی۔\378