کشمیری کل بھارت کا یوم آزادی ”یوم سیاہ“ کے طور پر منائیں گے

جمعرات 14 اگست 2025 18:00

سری نگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری کل بھارت کے یوم آزادی کو ”یوم سیاہ “کے طور پر منائیں گے جسکا مقصد جموں وکشمیر پر غیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف احتجاج درج کرانا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق” یوم سیاہ“ منانے کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی ہے جبکہ تمام آزادی پسند رہنماؤں اور تنظیموں نے اسکی حمایت کی ہے۔

دنیا بھر میں مقیم کشمیری کل بھارت مخالف مظاہرے کریں گے تاکہ دنیا کی توجہ مقبوضہ علاقے میں جاری بھارتی مظالم کی طرف مبذول کرائی جا سکے۔ دریں اثنا قابض بھارتی انتظامیہ نے کل بھارتی یوم آزادی سے قبل پورے مقبوضہ جموں و کشمیر بالخصوص سری نگر کو مکمل طور پر فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

قابض انتظامیہ نے پاکستان کے حق میں اور بھارت کے غیر قانونی تسلط کے خلاف احتجاجی مظاہروں کو روکنے کیلئے پورے مقبوضہ علاقے میں پابندیاں مزید سخت کر دی ہیں۔

سرینگر کے بخشی اسٹیڈیم میں جہاں بھارتی یوم آزادی کی نام نہاد مرکزی تقریب منعقد ہو گی، کے گرد کئی حصار پر مشتمل سکیورٹی کے اقدامات کئے گئے ہیں جبکہ شہر بھر میں اہم مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں اورگاڑیوں ، مسافروں اور راہگیروں کی سخت تلاشی لی جارہی ہے۔بھارتی فوجیوں نے کپواڑ اور بانڈی پورہ اضلاع کے کئی علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔

تلاشی کی کارروائیوں کے دوران کئی نوجوان گرفتار کیے گئے۔ ضلع بارہمولہ کے علاقے اوڑی میں بھارتی فورسز کا تلاشی آپریشن آج دوسرے روز بھی جاری رہا۔کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ نے آج پاکستان کے یوم آزادی پر اسلام آباد میں اپنے دفتر میں ایک تقریب کا اہتمام کیا ۔ اس موقع پر کیک کاٹا گیا اور مملکت خداد داد کے استحکام و ترقی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی بھارتی تسلط سے جلد آزادی کے لیے دعا کی گئی۔

مظفرآباد، جہلم، وادی نیلم اور آزاد کشمیر کے دیگر علاقوں میں بھی پاکستان کا یوم آزادی جوش و جذبے سے منایا گیا ۔ ریلیاں نکالی گئیں اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ ریلیوں کے شرکا نے ”پاکستان سے رشتہ کیا :لا الہ الا اللہ“، جیوے جیوے پاکستان، دل ہے کشمیر جان جان پاکستان اور ہم پاکستانی ہیں ،پاکستان ہمارا ہے“ کے فلک شگاف نعرے لگائے۔