+آزاد کشمیر اور شمالی علاقہ جات سمیت ملک بھر میں وطن عزیز کا78 واں یوم آزادی انتہائی ملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا گیا
جمعرات 14 اگست 2025
18:05
NBراولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اگست2025ء)آزاد کشمیر اور شمالی علاقہ جات سمیت ملک بھر میں وطن عزیز کا78 واں یوم آزادی انتہائی ملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا گیا ‘معرکہ حق کے ساتھ منسوب یوم آزادی کا آغاز نماز فجر کے بعد مساجد میں ملکی سالمیت، وطن عزیز کے استحکام و خوشحالی اور قومی یکجہتی کے لئے خصوصی دعاں سے کیا گیا جبکہ وفاقی دارلحکومت میں31 اور صوبائی دارلحکومتوں میں21،21 توپوں کی سلامی دی گئی ملک بھر کی طرح راولپنڈی میں بھی 78 واں جشن آزادی شایان شان طریقے سے منایا گیا‘ سرکاری، نیم سرکاری اور نجی سطح پر رنگا رنگ تقریبات منعقد کی گئیں جبکہ سرکاری، نیم سرکاری اور نجی عمارتوں کو چراغاں اور قومی پرچموں کے علاوہ رنگ برنگی جھنڈیوں سے خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔
(جاری ہے)
اسی طرح سیاسی ، مذہبی اور سماجی سطح پر بھی مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا جشن آزادی اور پاکستان زندہ باد ریلیاں نکالی گئیں تعلیمی اداروں میں رنگا رنگ تقریبات میں طلبا و طالبات نے ملی نغمے اور ٹیبلو پیش کئے جبکہ تقریری مقابلوں کے ذریعے شہدائے پاکستان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا اس موقع پر سکیورٹی کے بھی غیر معمولی حفاظتی انتظامات کئے گئے جبکہ پولیس کی جانب سے شہر بھر میں فلیگ مارچ کیا گیا جبکہ شہر میں ٹریفک اور سکیورٹی کے لئے 350 سے زائد ٹریفک افسران و اہلکاروں سمیت 5 ہزار کے قریب پولیس افسران و اہلکار تعینات کئے گئے تھے جبکہ نوجوانوں کی جانب سے شہر بھر کی شاہراہوں پر آزادی ریلیاں نکالی گئیں راولپنڈی میں یومِ آزادی کی مرکزی پرچم کشائی کی تقریب وقارالنسا پوسٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین میں منعقد ہوئی تقریب میں اراکین قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب، ممبر قومی اسمبلی دانیال چوہدری اور انجینئر قمر الاسلام راجہ کے علاوہ کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ڈاکٹر حسن وقار چیمہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر عبداللہ خان، اسسٹنٹ کمشنروں، کالج کی پرنسپل، اساتذہ، طلبہ اور والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے یومِ آزادی کی اہمیت، قیامِ پاکستان کے پس منظر اور ہجرت کرنے والے بزرگوں کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا مقررین نے کہا کہ اس سال کا یومِ آزادی ایک منفرد حیثیت رکھتا ہے کیونکہ ازلی دشمن بھارت کی بزدلانہ کاروائیوں کے جواب میں پاکستان کی بہادر افواج نے آپریشن ''بنیان مرصوص'' میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا انہوں نے کہا کہ ''معرکہ حق'' کی تاریخی کامیابی پر افواجِ پاکستان تحسین کی مستحق ہیں، اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے جس جرات و حکمت سے دشمن کو جواب دیا وہ ایک لازوال داستان ہے قبل ازیں پرچم کشائی کی گئی اور قومی ترانہ پڑھا گیا اس کے علاوہ کالج کے لان میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا گیا جشن آزادی کے موقع پر پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی ایس پی سکیورٹی راجہ ناصر، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز سمیت دیگر افسران موجود تھے راولپنڈی پولیس کے چاق و چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی ترقی اور سلامتی کے لئے دعا کی گئی دریں اثنا سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی کی ہدایت پر پولیس نے خصوصی فلیگ مارچ کیا ایس پی سکیورٹی، ڈویژنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز نے فلیگ مارچ میں شرکت کی یوم آزادی کے حوالے سے پولیس گاڑیوں پر قومی پرچم لہرایا گیا تھا پولیس لائنز سے شروع ہونے والا فلیگ مارچ عمار چوک، اولڈ ائیرپورٹ روڈ، کرال چوک، مری روڈ، قاسم مارکیٹ، پشاور روڈ، کچہری سے ہوتا ہوا واپس پولیس لائنز پر اختتام پذیر ہوا فلیگ مارچ کا مقصد وطن عزیز کے حفاظت، سلامتی، ترقی و خوشحالی کے عزم کا اظہار تھا ادھر جشن آزادی کی مناسبت سے مرکزی تقریب تاریخی لیاقت باغ میں منعقد ہوئی جس میں معروف گلوکار ابرار الحق سمیت دیگر فنکاروں نے یادگار پرفارمنس پیش کی لیاقت باغ میں عوام کا جمِ غفیر لیاقت باغ سے لے کر مری روڈ اور ملحقہ علاقوں تک پھیلا ہوا تھا ہر سمت قومی پرچم تھامے، قومی ترانے گاتے اور جشن میں شریک عوام کا جوش و خروش دیدنی تھا۔
اس بار یومِ آزادی کے ساتھ ''معرکہ حق'' کی کامیابی کا جشن بھی شامل تھا جس نے قومی جذبے کو مزید جِلا بخشی رات 12 بج کر 1 منٹ پر آتش بازی کا زبردست مظاہرہ کیا گیا اسی طرح ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام یوم آزادی کی مناسبت سے پرچم کشائی کی تقریب منعقدکی گئی جس کی صدارت ڈسٹرکٹ بار کے صدر سردار منظر بشیر ا یڈووکیٹ نے کی تقریب میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عابد رضوان عابد کے علاوہ جوڈیشل افسران جسٹس (ر) عباد الرحمن لودھی، ہائی کورٹ بار راولپنڈی کے صدر احسن حمید للہ، سیکرٹری ملک خلیل احمد اعوان، ممبر پنجاب بار کونسل بشارت اللہ خان، چوہدری آصف لکھن، فرخ عارف بھٹی، ڈسٹرکٹ بار کی نائب صدر نائلہ فیصل ملک جوائنٹ سیکرٹری رانا حاشر و دیگر نے پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت کی پرچم کشائی کے بعد پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی کا کیک کاٹا گیا تقریب میں کشمیری اور فلسطینی شہدا اور استحکام پاکستان کیلئے خصوصی دعا کی گئی پاکستان پوسٹ کے زیر اہتمام یوم آزادی کے موقع پر جی پی اوز میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا یوم ازادی پر جاری ہونے والے نئے اور یادگاری ٹکٹوں کی نمائش منعقد کی گئیں اس موقع پر جدوجہد آزادی کے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کیا گیا راولپنڈی جی پی او میں چیف پوسٹ ماسٹر عاصمہ نورین نے پرچم کشائی کی جبکہ قومی ترانہ پڑھا گیا اس موقع پر افسران اور عملے کے علاوہ تاجروں، ادارے کے بڑے صارفین اور ڈاک ٹکٹوں کے شائقین نے شرکت کی چیف پوسٹ ماسٹر نے کہا کہ پاکستان ہمارے اسلاف کی بھرپور جدوجہد اور قربانیوں کی بدولت وجود میں ایا اور اب اسکی بقا، ترقی و خوشحالی کیلئے ھی اسی جذبے کی ضرورت ہے راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ آفس میں بھی پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا تقریب میں پاک افواج کو بھارتی جارحیت کا بھر پور جواب دینے پر افواج پاکستان سے مکمل اظہار یکجہتی کیا گیا معرکہ حق کی شاندار کامیابی پر جشن آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا تقریب میں جشن آزادی کا کیک بھی کاٹا گیا جس پر سبز ہلالی پرچم بنا ہوا تھا تقریب میں ایڈیشنل سی ای او ارشد خان،ڈپٹی سی ای او ناصر کمال سیکرٹری کنٹونمنٹ بورڈ عمران حبیب، سینئر کینٹ انجینئر عبدالصمد سمیت راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی اس موقع پر شہدا کے ایصال ثواب اور بلندی درجات کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں جبکہ معرکہ حق اور یوم آزادی کے موقع پر کینٹ کے مختلف شاہراہوں اور پارکس کو رنگ برنگے برقی قمقموں سے سجایا گیا تھا ادھر راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی ای)اور واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی (واسا) کمپلیکس راولپنڈی میں بھی پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں پر ڈی جی آرڈی اے کنزہ مرتضی اور منیجنگ ڈائریکٹر واسا محمد سلیم اشرف نے پرچم کشائی کی جشن آزادی کی مناسبت سے آر ڈی اے وی واسا کمپلیکس کی عمارت کے مرکزی حصے، مری روڈ، مریڑھ چوک سے کچہری چوک تک اور دیگر نمایاں مقامات کو قومی پرچموں، جھنڈیوں، پینٹنگز اور برقی قمقموں سے دلکش انداز میں سجایا گیا تھا اسی طرح کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان میں بھی پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا تقریب میں پاک فوج کے جوانوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا تقریب میں سابق نیول چیف ایڈمرل ذکا اللہ، سابق صوبائی وزیرِ صحت و بہبود آبادی پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر، میجر جنرل سہیل الیاس، جنرل مظہر اسحاق، جنرل سلمان، جنرل وسیم، ڈاکٹر عبدالقیوم اعوان اور کالج کے سینئر وائس پریذیڈنٹ پروفیسر محمد شعیب شفیع نے شرکت کی اس موقع پر مقررین نے کہا کہ آزادی کا تحفظ اور اس کی قدر ہم سب پر فرض ہے اور ہمیں اپنے شعبے میں بہترین خدمات انجام دے کر ملک کا نام روشن کرنا چاہئے مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر ایک کلومیٹر طویل پاکستانی پرچم لہرایا گیا تقریب میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور "پاکستان زندہ باد" کے نعروں سے فضا گونج اٹھی تقریب سے خطاب میں احسان اللہ منصور اور انجنیئر مبین صدیقی نے کہا کہ طویل پرچم قومی اتحاد اور یکجہتی کی علامت ہے اور ایسے اقدامات نوجوان نسل میں حب الوطنی کا جذبہ مزید بیدار کرتے ہیں انجمن تاجران راولپنڈی کینٹ کے زیر اہتمام جشن آزادی کی تقریب میں سی پی او سید خالد ہمدانی نے بھی شرکت کی اور جشن آزادی کا کیک بھی کاٹا تقریب میں ایس پی پوٹھوہار، ڈی ایس پی کینٹ، ایس ایچ او کینٹ اور انجمن تاجران کے ممبران اور سول سوسائٹی نے شرکت کی انٹر میڈیٹ وثانوی تعلیمی بورڈ راولپنڈی کے زیر اہتمام یوم آزادی کے موقع پر جشن آزادی کی تقریب بورڈ کمپلیکس میں منعقد کی گئی جس میں چیئر مین بورڈ نے کنٹرولر امتحانات اور سیکریٹری بورڈ کے علاوہ بورڈ افسران و ملازمین کے ہمراہ بورڈ کمپلیکس پر قومی پرچم لہرایا اور قومی ترانہ پڑھا بورڈ کمپلیکس کو برقی قمقموں سے سجایا گیا تھا تقریب کے اختتام پر آزادی کی خوشی میں مٹھائی تقسیم کی گئی میونسپل کارپوریشن کمپلیکس راولپنڈی میں بھی پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی میونسپل لیبر یونین کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں چیف میونسپل افسر عمران علی نے میونسپل لیبر یونین (سی بی ای) کے صدر راجہ ہارون رشید، جنرل سیکرٹری شاہد رضا پادری نے میونسپل کمپلیکس پرپرچم کشائی کی، ریسکیو 1122 راولپنڈی نے بھی یوم آزادی کے موقع پر ضلع راولپنڈی میں قائم تمام ریسکیو سٹیشنوں کو برقی قمقموں اور جھنڈیوں سے سجایا گیا تمام ریسکیو سٹیشنوں پر پرچم کشائی اور سلامی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جبکہ مرکزی ریسکیو سٹیشن پر بھی پرچم کشائی، سلامی اور کیک کاٹنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افسر، ایمرجنسی افسر (آپریشن)، ریسکیو 1122 کے اہلکاروں، ریسکیو رضا کاروں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی یوم آزادی کے موقع پر راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے مرکزی میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو افسر نے مختلف شعبوں کے سربراہان اور دیگر سٹاف کے ہمراہ پرچم کشائی کی جس کے بعد ملکی ترقی و سلامتی کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔