ملک بھر کی طرح ہزارہ ڈویژن میں بھی پاکستان کا 78 واں یوم آزادی انتہائی عقیدت و احترام اور جوش و جذبہ کے ساتھ منایا گیا

جمعرات 14 اگست 2025 20:20

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) ملک بھر کی طرح ہزارہ ڈویژن میں پاکستان کا 78 واں یوم آزادی انتہائی جوش و جذبہ اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ ہزارہ ڈویژن کے تمام اضلاع ایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ، بٹگرام، تورغر، کوہستان لوئر، کوہستان اور کولئی پالس میں یوم آزادی کے حوالہ سے مرکزی تقریبات سمیت چھوٹی بڑی سینکڑوں رنگا رنگ تقریبات منعقد کی گئیں۔

یوم آزادی کی مرکزی تقریب جمعرات کو ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ایبٹ آباد کے جلال بابا آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ نے سٹیشن کمانڈر سٹیشن ہیڈ کوارٹرز بریگیڈیئر فیصل شرجیل قریشی، ریجنل پولیس آفیسر ہزارہ ناصر ستی، ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر) ثناءاﷲ خان، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عمر طفیل کے ہمراہ پرچم کشائی کی۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی کی موقع پر طلباءو طالبات کی طرف سے تقریب میں رنگا رنگ پروگرامز، ملی نغمے، تقاریراور ٹیبلوز پیش کے گئے۔ کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ نے یوم آزادی معرکہ حق میں کامیابی پر تمام شہریوں کو مبارکباد پیش کی، بچوں کے آزادی کے جوش و ولولہ کو سراہا اور محنت و لگن سے ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرنے پر زور دیا۔

دیگر مقررین میں سٹیشن کمانڈر سٹیشن ہیڈ کوارٹرز بریگیڈیئر فیصل شرجیل قریشی، ریجنل پولیس آفیسر ہزارہ ناصر ستی اور چیئرمین ضلعی مصالحتی کمیٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ایاز سلیم رانا نے شرکاءسے یوم آزادی اور معرکہ حق کے موضوع پر مفصل بات چیت کی۔ یوم آزادی اور معرکہ حق کے موقع پر پاک فوج کے جوانوں (جنہوں نے ملک کے دفاع کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے) کی قربانی کو خراج عقیدت اور انکی فیملی کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

اس کے علاوہ مختلف فیلڈز میں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ضلع ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے افراد کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے انہیں اعزازی شیلڈ پیش کی گئیں۔ مہمان خصوصی نے پروگرام کے اختتام پر مختلف مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباءو طالبات میں اعزازی سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔ یوم آزادی اور معرکہ حق کے حوالہ سے منعقدہ تقریب کے اختتام پر کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ کی زیر صدارت ایک ریلی نکالی گئی۔

ریلی میں سٹیشن کمانڈر سٹیشن ہیڈ کوارٹرز بریگیڈیئر فیصل شرجیل قریشی، ریجنل پولیس آفیسر ہزارہ ناصر ستی، ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر) ثناءاﷲ خان، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عمر طفیل، چیئرمین ڈی آر سی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ایاز سلیم رانا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنر، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز، ضلعی افسران، طلبہ، تاجروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر) ثناءاﷲ خان نے یوم آزادی، معرکہ حق کے حوالہ سے منعقدہ پروگرام کے انتظامات اور بہترین کارکردگی پر یوتھ افیئرز، ٹی ایم اے، ایجوکیشن، پولیس اور دیگر تمام متعلقہ محکمہ جات کا شکریہ ادا کیا۔ سیاحتی علاقہ نتھیاگلی کلب میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن فواد خٹک اور ڈائریکٹر ٹیکنیکل انجینئر ارسلان شوکت کی جانب سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جی ڈی اے نے سرشار عملہ کے ساتھ پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی۔

اس موقع پر سرسبز اور صاف ستھرا پاکستان کے جذبہ کے تحت جی ڈی اے افسران نے درخت لگائے، قدرتی تحفظ کیلئے گلیات میں شجر کاری مہم جاری رکھنے کے ہمارے عزم کا اعادہ کیا، یہ اقدام نہ صرف ہمارے ماحول کی حفاظت کرتا ہے بلکہ ہماری قوم میں بیداری بھی پھیلاتا ہے، آیئے ہر یوم آزادی کو صاف اور سرسبز پاکستان کیلئے ایک درخت لگا کر بامعنی بنائیں۔

آیئے اپنے خوبصورت وطن کی قدر کریں، اس کے قدرتی حسن کی حفاظت کریں اور اس آزادی کا جشن منائیں جو ہم سب کو متحد کرتی ہے، اسی طرح مانسہرہ میں بھی جشن آزادی کی تقریب جوش و ولولہ کے ساتھ منائی گئی۔ ڈپٹی کمشنر مانسہرہ میاں بہزاد عادل نے ڈی پی او شفیع اﷲ گنڈاپور کے ہمراہ ٹی ایم اے مانسہرہ میں جشن آزادی / معرکہ حق کے خصوصی پروگرام میں شرکت کی۔

تقریب میں مہمانوں کی آمد کے موقع پر سائرن بنائے گئے۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد قومی ترانہ شروع ہوتے ہی تمام مہمانان گرامی ادب میں کھڑے ہو گئے۔ ڈپٹی کمشنر مانسہرہ میاں بہزاد عادل اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ شفیع اﷲ گنڈاپور نے پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے مہمانان گرامی کو سلامی پیش کی۔

تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر مانسہرہ، تحصیل چیئرمین مانسہرہ، ٹی ایم او، محکمہ تعلیم کی سربراہان و طلبہ، دیگر محکمہ جات کے سربراہان، سول ڈیفنس اہلکاران، ریسکیو 1122، پرنٹ و الیکٹرا ک میڈیا کے نمائندگان سمیت مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور ملک قوم کی ترقی وخوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔ اسی طرح جشن آزادی معرکہ حق تقریبات کے سلسلہ میں کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیراہتمام سیاحتی مقام ناران میں کے ڈی اے کے کیمپنگ گرائونڈ میں کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد ہوا۔

ٹورنامنٹ میں وادی کاغان کے نوجوانوں پر مشتمل 12 ٹیموں نے شرکت کی۔ مانسہرہ میں یوم آزادی کے حوالہ سے تیسری تقریب ٹی ایم اے بفہ پکھل میں ہوئی جس میں ٹی ایم او مظہر مظفر اور اسسٹنٹ کمشنر نایاب عباسی نے مشترکہ طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر دفتر قومی پرچموں، سبز و سفید غباروں اور روشنیوں سے سجایا گیا تھا جبکہ قومی ترانے کی گونج نے ماحول کو مزید پرجوش بنا دیا۔

تقریب میں آزادی کی اہمیت پر تقاریر، ملی نغمے اور پرچم کشائی ہوئی جس نے سب کے دلوں میں وطن سے محبت کو مزید تازہ کر دیا، یقیناً یہ لمحہ آزادی کی خوشیوں کو مزید یادگار اور تاریخ میں ہمیشہ کیلئے محفوظ کر گیا۔ ٹی ایم او مظہر مظفر اور اسسٹنٹ کمشنر بفہ پکھل نایاب عباسی کی قیادت میں بعد ازاں ایک شاندار آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا جس میں مقامی افراد، بچے اور مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوئے۔

شرکاءنے قومی پرچم اٹھا رکھا تھا اور وطن سے محبت کے نعرے لگا کر یوم آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کیا۔اس موقع پر بھرپور آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر ناران شہر پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتا رہا۔ یوم آزادی کے حوالہ سے ہری پور میں بھی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ملک بھر کی طرح ہری پور میں یوم آزادی پاکستان کے حوالہ سے ڈی سی آفس میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔

تقریب میں ڈپٹی کمشنر ہری پور وسیم احمد اور ڈی پی او ہری پور فرحان خان کے علاوہ دیگر افسران نے شرکت کی۔ پرچم کشائی کے موقع پر ہری پور پولیس کے چاک و چوبند دستے نے پرچم کو سلامی دی۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر ہری پور نے ڈی پی او ہری پور کے ہمراہ ڈی سی آفس میں پودا لگایا۔ یوم آزادی کا کیک کاٹا۔ آخر میں وطن عزیز کی سلامتی، خوشحالی اور ہری پور میں امن و امان کے حوالہ سے دعا کی۔

ہری پور میں دوسری تقریب میں سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل ہری پور حامد اعظم نے پرچم کشائی کی، قومی ترانے پر سٹاف کے چاق و چوبند دستے نے پرچم کو سلامی پیش کی۔ اس موقع پر پرچم کشائی کے بعد پاکستان کی ترقی اور خوشحالی اور شہداءکیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں اور بلند آواز میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔ یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی گئی۔

اس موقع پر پاکستان کی حفاظت اور ہر شعبہ میں ترقی کیلئے بھرپور دعائیں کی گئیں۔ بٹگرام میں ملک کا 78 واں جشن آزادی انتہائی عقیدت و احترام اور جوش و جذبہ کے ساتھ منایا گیا۔اس سلسلہ کی تقریب ریسکیو 1122 کے دفتر میں منعقد ہوئی۔ یوم آزادی کے پرمسرت موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر تنویر احمد اور سٹیشن ہائوس انچارج یوسف جمال اور شفٹ انچارج فہیم، محمد شیراز اور انور علی نے پرچم کشائی تقریب میں حصہ لیا۔

ریسکیو 1122 اہلکاروں کے چاک و چوبند دستے نے صبح کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا جبکہ پاکستان زندہ باد اور پاک فوج پائندہ باد کی فلک شگاف نعروں کے ساتھ سلامی پیش کی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر تنویر احمد نے جشنِ آزادی کا کیک کاٹا۔ ریسکیو 1122 بٹگرام نے شاندار ریلی کا انعقاد کرتے ہوئے شاہراہ ریشم اور سی پیک روڈ پر ایمرجنسی گاڑیوں میں قومی پرچم اور ملی نغمے پیش کئے۔

ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد میں یوم آزادی ملی جوش و جذبہ کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور پرچم کشائی کی گئی، ملک و قوم کی سلامتی اور ترقی کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ایسوسی ایٹ ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر دائود اقبال، ڈپٹی ڈائریکٹر و انچارج ایمرجنسی ڈاکٹر جنید سرور ملک، سینئر ایڈمن آفیسر جواد تاج، مختلف شعبہ جات کے سربراہان اور ہسپتال کے فرنٹ لائن ہیروز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر تمام عملہ کی جانب سے پاکستان اور پاک فوج کے حق میں پرجوش نعرے بازی کی گئی جبکہ شرکاءنے اس عزم کا اظہار کیا کہ وطن کی خدمت اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن کردار ادا کرتے رہیں گے۔جشن آزادی،معرکہ حق کے حوالہ سے یوتھ افیئرز اور ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے جشن آزادی معرکہ حق کے حوالہ سے پروگرام کا انعقاد ہوا۔ پروگرام میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ ازکیٰ فاطمہ، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ثناءفاطمہ نے خصوصی شرکت کی۔

یوم آزای اور معرکہ حق کے موضوع پر طلبہ سے بات چیت کی اور جشن آزادی معرکہ حق میں کامیابی پر کیک کاٹا۔ انہوں نے طلبہ و طالبات میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر اعزازی سرٹیفکیٹ تقسیم کئے اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ ایبٹ آباد میں ”منشیات سے انکار، زندگی سے پیار“ کے عنوان سے جشن آزادی کی شاندار اور پروقار تقریب منعقد ہوئی۔اس موقع پر فضا پاکستان زندہ باد اور افواج پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی، ہر دل حب الوطنی کے جذبہ سے سرشار نظر آیا۔

اس یادگار موقع پر ضلعی آفیسر سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ سائرہ مشتاق نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور شرکاءسے خطاب کیا اور سیو لائف فاﺅنڈیشن کی منشیات کے خلاف انتھک جدوجہد کو زبردست الفاظ میں سراہا۔ تقریب میں موجود شرکاءنے یک زبان ہو کر یہ عہد کیا کہ وہ سیو لائف فاﺅنڈیشن کے ساتھ مل کر معاشرہ کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

” نشہ کے خلاف جنگ، سیو لائف کے سنگ“ یہی ہے، اس جشنِ آزادی کا اصل پیغام۔ آزادی کی قدر تب ہی ممکن ہے جب ہم صحت مند، باوقار اور منشیات سے پاک معاشرہ تشکیل دیں، یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ایک محفوظ اور روشن پاکستان ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ ایبٹ آباد شہر میں جشن آزادی کے حوالہ سے ایک تقریب ڈسٹرکٹ جیل ایبٹ آباد میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی سپرنٹنڈنٹ جیل سید محمد جنید بخاری تھے۔

اس سے قبل جیل کو برقی قمقموں سے روشن کیا گیا اور معرکہ حق کے عنوان سے جگہ جگہ بینرز آویزاں کئے گے۔ اس موقع پر جیل میں یوم آزادی کی مناسبت سے جھنڈیاں بھی لگائی گئیں جبکہ کلچرل شو کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں قیدیوں نے رقص کر کے محفل کو چار چاند لگائے۔ تقریب میں کھیلوں کے مقابلے، نعت خوانی، تقاریر اور ملی نغموں کے مقابلوں کے کامیاب قیدیوں کو انعامات اور ٹرافیاں پیش کی گئیں۔

مہمانِ خصوصی نے شرکاءکی حوصلہ افزائی کی اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔ مزید برآں مہمانِ خصوصی سپرنٹنڈنٹ جیل سید محمد جنید بخاری نے ”گرین پاکستان“ مہم کے تحت جیل احاطہ میں پودے بھی لگائے اور شجرکاری کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر جیل انتظامیہ، عملہ اور قیدیوں نے بھرپور شرکت کی اور قومی جذبہ کے ساتھ تقریب کو کامیاب بنایا۔