یونین کونسل 40 بھابڑا بازار میں پیپلز پارٹی کے زیراہتمام 78ویں یوم آزادی کی پروقار تقریب

جمعہ 15 اگست 2025 14:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) پیپلز پارٹی کے زیراہتمام 78ویں یوم آزادی کی پروقار تقریب یونین کونسل 40 بھابڑا بازار میں منعقد ہوئی جس میں قومی پرچموں، جھنڈیوں اور قومی نغموں سے ماحول گرما دیا گیا۔ مہمان خصوصی پیپلز پارٹی پنجاب کے نائب صدر ملک خالد نواز بوبی نے خطاب میں کہا کہ قیام پاکستان لاکھوں قربانیوں کا ثمر ہے اور ملک کی ترقی، استحکام اور سالمیت کے لیے ہمیں ایک قوم بننا ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے 73ء کا متفقہ آئین دیا اور ایٹمی قوت کی بنیاد رکھ کر پاکستان کو ناقابل تسخیر بنایا۔ تقریب میں پیپلز پارٹی رہنما منظر عالم، بنارس چوہدری، عبدالرحمن توکلی، ناصر میر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے افواج پاکستان کو معرکہ حق میں تاریخی کامیابی پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دشمن آئندہ میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کرے گا۔ تقریب میں پارٹی ورکرز اور شہریوں نے "پاکستان زندہ باد"اور "قائداعظم زندہ باد" کے نعرے لگائے۔