سید یوسف رضا گیلانی سے گورنر خیبرپختونخواہ کی ملاقات ،صوبے کی ترقی، قومی یکجہتی اور عوامی مسائل پر تفصیلی گفتگو

جمعہ 15 اگست 2025 17:56

سید یوسف رضا گیلانی سے گورنر خیبرپختونخواہ کی ملاقات ،صوبے کی ترقی، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2025ء)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں گورنر خیبرپختونخواہ فیصل کریم کنڈی نے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی، معاشی اور سماجی استحکام کے ساتھ ساتھ خیبرپختونخواہ کے عوام کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے مؤثر اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ خیبرپختونخواہ پاکستان کا ایک نہایت اہم صوبہ ہے، جو اپنی جغرافیائی اہمیت، تاریخی کردار اور عوام کی بے مثال قربانیوں کے باعث ملکی سلامتی، استحکام اور ترقی میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صوبے کے عوام نے قیام پاکستان سے لے کر آج تک امن، یکجہتی اور استحکام کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں، جنہیں قومی تاریخ میں سنہری الفاظ میں یاد رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

گورنر خیبرپختونخواہ فیصل کریم کنڈی نے اس موقع پر صوبے کی ترقیاتی ضروریات، درپیش چیلنجز اور سابق فاٹا کے ضم شدہ اضلاع کے مسائل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے معاملات کی بہتری اور عوامی فلاح کے لیے اختیار کی جانے والی حکمت عملی سے بھی چیئرمین سینیٹ کو آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے عوام کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں تاکہ پائیدار ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔

چیئرمین سینیٹ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خیبرپختونخواہ کے عوام کی خوشحالی ہی پاکستان کے پائیدار مستقبل کی ضمانت ہے، اور وفاقی سطح پر ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔ملاقات میں نو منتخب سینیٹر محمد طلحہ محمود بھی موجود تھے۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ کے چچا زاد بھائی سید تنویر الحسن گیلانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا اور مرحوم کی روح کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی گئی۔