آزاد جموں کشمیر میں بھارت مخالف ریلیاں اور احتجاجی مظاہرے

جمعہ 15 اگست 2025 18:00

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) آزاد جموں وکشمیر کے دارلحکومت مظفرآباد اوردیگر شہروں میں آج بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کے لیے بھارت مخالف احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے کیے گئے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کے وزیر چوہدری عبدالرشید، جموں و کشمیر لبریشن سیل کے ڈائریکٹر راجہ سجاد، کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنمائوں شیخ عبدالمتین، نذیر احمد کرنائی، عبدالمجید لون، عبدالمجید میر، عزیر احمد غزالی، پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر کے رہنما شوکت جاوید میر اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے مظفر آباد میں برہانی وانی شہید چوک سے گھڑی پن چوک تک احتجاجی ریلی اور مظاہرے میں شرکت کی ۔

اس موقع پر مقررین نے کہا کہ بھارت نے فوجی طاقت کے بل بوتے پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے انکے تمام بنیادی حقوق چھین لیے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کو مقبوضہ علاقے میں اپنی آزادی کا جشن منانے کا کوئی حق نہیں ہے کیونکہ اسے جموں و کشمیر میں ایک غاصب کی حیثیت حاصل ہے۔مقررین نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ بھارت میں کشمیریوں سمیت تمام اقلیتیں عدم تحفظ کا شکار ہیں اور انکی جان و مال اورعزت و وقار کو شدید خطرہ لاحق ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں آئے روز انسانیت کوروندا جا رہا ہے لیکن عالمی برادری اور مہذبا اقوام خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ اپنا دوہرا معیار ترک کرے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلوانے کیلئے بھارت پر دباﺅ بڑھائے۔ریلی کے شرکا نے پاکستان کے حق میں اور بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔دیگر شہروںمیں منعقد کی جانیوالی ریلیوں میں شریک شہریوں نے بینرز، پلے کارڈز اور سیاہ پرچم اٹھا رکھے تھے ۔