بلاول بھٹو زرداری کو نشانِ امتیاز ملنے پر عبدالجبار خان کی مبارکباد

جمعہ 15 اگست 2025 22:50

بلاول بھٹو زرداری کو نشانِ امتیاز ملنے پر عبدالجبار خان کی مبارکباد
حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے خوراک عبدالجبار خان نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو بہترین سفارت کاری اور پاکستان کا مقدمہ دنیا بھر میں مؤثر انداز میں پیش کرنے پر حکومت کی جانب سے نشانِ امتیاز ملنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔

(جاری ہے)

عبدالجبار خان نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے پاک بھارت جنگ کے بعد بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کیا اور بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا، جس سے نہ صرف پاکستان کا عالمی امیج بہتر ہوا بلکہ بھارت کی سازشیں بھی آشکار ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اپنے نانا، والد اور والدہ کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے ملک کی خدمت کر رہے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب وہ پاکستان کے وزیراعظم بن کر ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے اور دہشت گردی، بیروزگاری، بھوک، افلاس اور انتہا پسندی کا خاتمہ کریں گے۔ عبدالجبار خان نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو نے ملک کے اندر اور بیرونِ ممالک پاکستان کی اہمیت کو جس طرح اجاگر کیا، وہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔