قائمقام گورنر پنجاب کی ترکیہ کے سبکدوش ہونے والے قونصل جنرل سے الوداعی ملاقات

جمعہ 15 اگست 2025 22:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خاں سے ترکیہ کے سبکدوش ہونے والے قونصل جنرل لاہور درموش باش توغ نے گورنر ہائوس میں الوداعی ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، تجارتی تعاون، دفاع، تعلیم اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں اسٹریٹیجک شراکت داری کے فروغ پر بات چیت ہوئی۔قائم مقام گورنر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کی دوستی اخلاص اور اعتماد پر مبنی ہے، دونوں ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترک سرمایہ کاری پر خوشی ہے، پارلیمانی اور سفارتی روابط سے پاک ترک دوستی مزید مضبوط ہوئی ہے۔ ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان دفاع، تجارت، تعلیم اور توانائی کے شعبوں میں اسٹریٹیجک شراکت داری قائم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سبکدوش ہونے والے قونصل جنرل کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا''پاک ترک دوستی میں آپ کی سفارتی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

''مزید کہا کہ پاکستان ترکی دوستی کی اہمیت نئی نسلوں تک پہنچانا ضروری ہے۔ترکیہ کے قونصل جنرل درموش باش توغ نے کہا کہ پاکستان اور پنجاب کی عوام کا شکر گزار ہوں، بہت سی یادیں اپنے ساتھ لے کر جا رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے عوام اخوت اور محبت کی گہری بنیاد رکھتے ہیں اور ہر سطح پر تعاون مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔ملاقات میں سیکرٹری جنرل پنجاب اسمبلی چودھری عامر حبیب، پرنسپل سیکرٹری عماد حسین بھلی اور ترجمان اسمبلی را ماجد علی بھی موجود تھے۔

بعدازاں ملک محمد احمد خاں نے حضرت داتا گنج بخش کے مزار پر حاضری دی۔ قائم مقام گورنر نے مزار پر فاتحہ خوانی اور چادر پوشی کی اور ملک کی ترقی اور سلامتی کے لیے دعا کی۔قائم مقام گورنر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ حضرت داتا گنج بخش کا پیغام مساوات، اخلاقیات اور انسانیت کی عزت ہے۔ برصغیر میں اسلام کا مرکز حضرت داتا گنج بخش کی تعلیمات سے بنا۔انہوں نے کہا کہ داتا گنج بخش نے دلیل سے لاکھوں افراد کو اسلام میں داخل کیا۔ حضرت داتا گنج بخش کا پیغام رواداری اور برداشت ہے۔قائم مقام گورنر نے کہا کہ آج بین المسالک ہم آہنگی اور بین المذاہب مکالمہ کی ضرورت ہے۔ انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے صوفیا کی تعلیمات اپنانا ہوں گی۔