وزیراعظم آزاد کشمیر کی پولیس کی استعداد کار بڑھانے کے لئے 33 تھانوں کے لئے گاڑیوں کی فراہمی

جمعہ 15 اگست 2025 21:10

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) وزیراعظم آزاد ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق نے آزادجموں و کشمیر پولیس کی استعداد کار کو بڑھانے کے لئے آزاد کشمیر کے 33 تھانہ جات کے لیے سنگل کیبن 4× 4 ماڈل2025 کی گاڑیاں فراہم کردی ہیں اس سلسلہ میں منعقدہ تقریب میں وزیراعظم آزاد کشمیر نے پولیس کے ٹرانسپورٹ فلیٹ کے لیے نئی خریدی گئی گاڑیوں کی چابیاں ڈی آئی پولیس عرفان مسعود کشفی کے حوا لہ کیں ، اس موقع پر ڈی آئی جی پولیس عرفان مسعود کشفی نے وزیراعظم آزاد کشمیر کو پولیس ٹرانسپورٹ فلیٹ میں نئی گاڑیوں کی شمولیت کے بعد پولیس استعداد کار میں اضافہ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی ، تقریب میں موسٹ سینئر منسٹر کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور ، سیکرٹری اطلاعات سردار عدنان خورشید سمیت پولیس آفیسران اور دیگر بھی موجود تھے ، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادکشمیر کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ محکمہ پولیس کے جوان اپنی جان کو ہتھیلی پر رکھ کر شہریوں کے ناموس اور جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنا رہے ہیں، کام کیلئے ساز گار ماحول اور بنیادی ضروریات کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے، امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے پولیس انفراسٹرکچر کو بہترکیا اور گزشتہ دو سالوں کے دوران 56 پولیس سٹیشنز میں 4×4 سنگل کیبن نئی گاڑیاں فراہم کر دی ہیں،محکمہ پولیس میں موجود افرادی قوت کی کمی کو پورا کرنے کیلئے1300 آسامیاں تخلیق کی گئی ہیں جن پر تحت ضابطہ تقرریاں عمل میں لائی جائیں گی کسی کو شفافیت میں ابہام نہیں ہونا چاہیے عوام کو براہ راست فراہم کرنے کیلئے پولیس، صحت اور تعلیم کیلئے ضروری ٹرانسپورٹ فراہم کر دی ہے، گاڑیوں کی مینٹیننس کو یقینی بنانے کی ہداہت، پولیس فورس ہمارا فخر ہے، شہریوں کی ناموس اور جان وال کے تحفظ کو یقینی بنانا ریاست کی اولین ذمہ داریوں میں سے ہے، سازگار ماحول فراہم کئے بغیر اداروں کا احتساب ممکن نہیں ہے، پولیس اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر شہریوں کے تحفظ کیلئے خدمات سر انجام دے رہی ہے، گاڑیوں کی فراہمی سے پولیس کے محکمانہ استعداد کار میں اضافہ ہوگا، گزشتہ شب ایس ڈی ایم اے، ریسکیو اداروں اور مسلح افواج پاکستان کے اشتراک سے رتی گلی میں کلاوڈ برسٹ کے نتیجے میں محصور 700 سے زائد سیاحوں کو ریسکیو کرتے کے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، متاثرین کی بحالی کیلئے بروقت اقدامات پر متعلقہ اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ پولیس کے پٹرول اور افرادی قوت میں اضافے کیلئے اقدامات کیے ہیں، سرلی سچہ میں کلائوڈ برسٹ کے فوری بعد ایس ڈی ایم اے اور انتظامیہ کو فوری بحالی کے احکامات جاری کئے الحمدللہ 6 گھنٹوں کے اندر 6 ڈیڈ باڈیز کو تلاش کیا گیا، انسانی جان کی کوئی قیمت نہیں ہوتی لیکن ریسکیو کیلئے تمام ادارے ہائی الرٹ پر ہیں، میرے پاس عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے محکمہ پولیس، محکمہ صحت ، تعلیم ، ایس ڈی ایم اے کیلئے فنڈز موجود ہیں ، کسی کی عیاشی کیلئے نہیں ہیں ایک اور سوال کے جواب میں وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ہنگامی حالات کے دوران لوگوں کو نقل مکانی کی صورت میں ان کی فوری آبادکاری کیلئے خالصہ سرکار میں رہائش کے انتظامات کے علاؤہ کوئی چارہ کار نہیں بچتا، حکومت نے آفات سماوی کے بقایاجات کی ادائیگی کیلئے 32 کروڑ کی گرانٹ ریلیز کر دی ہے، حال ہی میں بارشوں کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کے فوری ازالے کیلئے معاوضہ جات کی ادائیگی کی ہدایت کر دی ہے، ایس ڈی ایم اے کے آپریشنل استعداد کار میں اضافے کیلئے 8 کروڑ کے ڈرونز خریدے گئے ہیں، حکومت عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کا حصول یقینی بنا رہی ہے ۔