Live Updates

این ڈی ایم اے کی ٹیم امدادی آپریشن میں معاونت کےلئے پشاور پہنچ گئی

ہفتہ 16 اگست 2025 17:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2025ء) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی ٹیم خیبر پختونخوا حکومت اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ساتھ امدادی رابطہ کاری کی کوششوں کو مضبوط بنانے کے لیے پشاور پہنچ گئی ہے۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایات کے بعد این ڈی ایم اے حکام کا دورہ صوبے بھر میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے طریقہ کار کو تقویت دینے کے لیے وفاقی حکومت کے مسلسل عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔

طوفانی بارشوں، سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات نے صوبہ کے متعدد اضلاع میں تباہی مچا دی ہے۔این ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ واقعات میں خیبر پختونخوا میں 214 افراد ہلاک، 21 زخمی اور 55 لاپتہ ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

اس وقت لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔امدادی سرگرمیاں پاک فوج، پی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور مقامی رضاکاروں کے درمیان قریبی رابطہ کاری سے جاری ہیں۔

این ڈی ایم اے فعال طور پر صوبائی حکام کو امدادی سامان فراہم کر رہا ہے اور تمام متعلقہ سول اور عسکری اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے۔این ڈی ایم اے نے تصدیق کی کہ تمام متعلقہ ادارے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ چیئرمین این ڈی ایم اے نے گزشتہ شام وزیراعظم محمد شہباز شریف کو سیلاب اور بارشوں سے متعلق مجموعی پیش رفت پر بریفنگ دی۔

این ڈی ایم اے جاری امدادی کارروائیوں کی 24گھنٹے نگرانی بھی کر رہا ہے اور اتھارٹی نے خطرناک علاقوں کے رہائشیوں پر زور دیا ہے کہ وہ مسلسل بارش اور سیلاب کے خطرات کے دوران الرٹ رہیں اور تمام ضروری حفاظتی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔شمالی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی صورت میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھنے کی توقع ہے۔ سیاحوں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آئندہ پانچ سے چھ دنوں کے دور ان بالائی علاقوں کا سفر کرنے سے گریز کریں تاکہ خطرناک حالات سے محفوظ رہ سکیں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات