سیلاب سے تباہی، پاک فوج کے مزید دستے بونیر پہنچ گئے

فوج کی کور آف انجینئرز کے اسپیشل آلات کے ذریعے کیچڑ کے نیچے دبے ہوئے زخمیوں اور لاشوں کو نکالا جائے گا

ہفتہ 16 اگست 2025 23:22

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2025ء)پاک فوج کے مزید دستے سیلاب سے شدید متاثرہ ضلع بونیر پہنچ گئے، وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام بھی بونیر پہنچے اور وزیراعظم کی فراہم کردہ امداد کی تقسیم کا جائزہ لیا۔فوج کی کور آف انجینئرز کے اسپیشل آلات کے ذریعے کیچڑ کے نیچے دبے ہوئے زخمیوں اور لاشوں کو نکالا جائے گا۔فوج کی ٹیمیں سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف رہیں۔

فوج کے ہیلی کاپٹرز میں راشن اور دیگر سامان مہیا کیا گیا اور سیلاب زدہ علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا،تمام متاثرہ افراد کو بحفاظت ریسکیو کرنے اور محفوظ مقامات پر منتقل کرنے تک آپریشن جاری رہے گا۔دریں اثنا وفاقی وزیر و صدر پاکستان مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام نے سیلاب سے متاثرہ ضلع بونیرکے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

امیرمقام نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں نقصانات اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ انجینئرامیر مقام نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات اور تعزیت کیانہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کی ہدایت پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کر رہا ہوں، وزیراعظم امدادی سرگرمیوں کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ سیاست کا وقت نہیں، پوری قوم متاثرین کے ساتھ ہے، بونیر میں جاری ریسکیو آپریشن میں انتظامیہ، پاک فوج اور ایف سی کے جوان حصہ لے رہے ہیں، کئی گاؤں مکمل تباہ، متعدد لاپتہ افراد کی جلد ریکوری کیلئے دعا گو ہیں، متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس قائم کئے گئے ہیں، وفاقی حکومت تمام وسائل فراہم کرے گی، متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔