Live Updates

کویتی وزیر خارجہ کا اسحق ڈار سے رابطہ،سیلاب تباہ کاریوں پر اظہار افسوس، ہر ممکن تعاون کی پیشکش

ہفتہ 16 اگست 2025 22:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2025ء)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحق ڈار کو کویت کے وزیر خارجہ عبداللہ الیاحی کی کال موصول ہوئی،جس میں انہوں نے حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصان پر افسوس کااظہارکرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی۔

(جاری ہے)

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق کویتی وزیر خارجہ نے کویت کے ولی عہد صباح الخالد الصباح کی طرف سے شمالی علاقہ جات میں حالیہ سیلابوں کے باعث جانی و مالی نقصان پر گہری تعزیت کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ کویت کی حکومت اور بھائی چارے کے جذبے سے سرشار عوام پاکستان کے اس مشکل وقت میں ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہیں۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کویت کی یکجہتی پر شکریہ ادا کیا، دونوں رہنما اس ماہ کے آخر میں جدہ میں منعقدہ او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں ملاقات کے منتظر ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات