بھارت کو کشمیریوں کی نسل کشی سے روکنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، حریت کانفرنس

بی جے پی کی ہندوتوا حکومت نے 10لاکھ سے زائد فوجیوں کے ذریعے کشمیری عوام کا محاصرہ کر رکھا ہے

اتوار 17 اگست 2025 13:35

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت کو کشمیریوں کی نسل کشی سے روکنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے کیونکہ بی جے پی کی ہندوتوا حکومت نے 10لاکھ سے زائد فوجیوں کے ذریعے کشمیری عوام کا محاصرہ کر رکھا ہے جو دن رات ان پر مظالم ڈھا رہے ہیں۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں خبردار کیا کہ گورنر منوج سنہا کی زیر قیادت قابض انتظامیہ کشمیری عوام پر ہندوتوا نظریہ مسلط کرنے کے لیے ہر قسم کے ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس نازک مرحلے پر کشمیریوں کو امید ہے کہ پاکستان اپنی سفارتی کوششیں تیز کرے گا اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہونے والی نسلی کشی سے دنیا کو آگاہ کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اپنی مجرمانہ خاموشی ترک کرے اور مقبوضہ علاقے میںانسانیت کو بچانے کے لیے آگے آئے جو تباہی کے دہانے پر ہے۔ترجمان نے لوگوں کے بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت علاقے میں قتل و غارت، گرفتاریاں، تشدد، املاک کی ضبطی اور سیاسی جماعتوں اور تاریخی کتابوں پر پابندی کے ذریعے کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو دبا نہیں سکتی۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری اپنے مادر وطن کوبھارتی چنگل سے آزاد کرانے کی جدوجہد سے کبھی دستبردار نہیں ہونگے اوراپنی سرزمین پر بی جے پی اور آر ایس ایس کے ہندوتوا ایجنڈے کوکبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔حریت ترجمان نے کہا کہ کشمیری عوام مقبوضہ علاقے میں بی جے پی کے ہندوتوا عزائم کو شکست دینے کے لیے متحد ہیں اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔

انہوںنے قابض بھارتی افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی بے دریغ خلاف ورزیوں کو روکنے کے لئے اقوام متحدہ سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ اقوام متحدہ کی اخلاقی، سیاسی اور قانونی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت پر دبا ئوڈالے کہ وہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے آزادانہ اور منصفانہ رائے شماری کا اپنا وعدہ پورا کرے۔