آئین پاکستان کی تخلیق میں سب کے اکابرین کا حصہ ہے، سینیٹر عرفان صدیقی

اتوار 17 اگست 2025 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر راہنما اور سینیٹ میں پارلیمانی پارٹی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ آئین پاکستان کی تخلیق میں سب کے اکابرین کا حصہ ہے،افواج پاکستان نے اپنے سے 5 گنا بڑے دشمن کو شکست دی جس کی دنیا معترف ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو اے پی سی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

عرفان صدیقی نے کہا کہ اللہ نے ہمیں پاکستان جیسی نعمت سے نوازا،پاکستان کا درجہ اور مقام اب 1947 کے مقابلے میں 2025 میں بلند ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان کی تخلیق میں سب کے اکابرین کا حصہ ہے،اے این پی کے قائدین نے بہت سی مشکلوں کا سامنا کیا لیکن کسی نے دھرنے، لانگ مارچ، دفاعی تنصیبات پر حملے اور انتشار کا راستہ نہیں اپنایا،محبت ہمیشہ رہتی ہے اور نفرت بانجھ کھیتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب کو گالی دینے سے آپ کو کچھ نہیں ملنا،پنجابیوں کے قتل پر ایک بھی آواز بلوچستان کے خلاف نہیں اٹھی کیونکہ ہمیں پتہ ہے کہ بلوچستان کے عوام ایسے نہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے پاکستان اور آئین کیلئے بہت سی قربانیاں دیں،نواز شریف نے بھی بہت سی قربانیاں دیں اور جلاوطنی کاٹی۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی قانون تب تک سینیٹ سے منظور نہیں ہو سکتا جب تک خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے نمائندے اس میں شامل نہ ہوں۔

سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ یہ فوج ہماری فوج ہے، ہمارے تحفظ کا قلعہ ہے،افواج پاکستان نے اپنے سے 5 گنا بڑے دشمن کو شکست دی جس کی دنیا معترف ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام صوبے ہمارے سر کا تاج ہیں پاکستان انہی سے عبارت ہے،آپ سب پاکستانی ہیں اور ہمارے سر کا تاج ہیں،مجھے پشاور پاکستان کے بقیہ شہروں سے زیادہ اچھا لگتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ آئین ہم سب کا ہے،ترامیم اس لئے ہوتی ہیں کہ اس میں بہتری کی گنجائش ہے،آئین انشاء اللہ قائم رہے گا اور آئین اور پاکستان آپ تمام صوبوں کی بنیاد پر قائم رہے گا،پاکستان کو پاکستان کے حوالے سے دیکھیں، اگر آج پاکستان کے پاس ایٹمی پروگرام نہ ہوتا تو ہم کہاں کھڑے ہوتے؟۔