فیصل آباد،جماعت اسلامی کا خیبرپختونخواہ میں شدیدبارشوںاور سیلاب کی نتیجہ میں ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

اتوار 17 اگست 2025 22:00

c فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اگست2025ء)جماعت اسلامی کے ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ نے خیبرپختونخواہ میں شدیدبارشوںاور سیلاب کی نتیجہ میں ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور اپوزیشن سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک و ملت کے وسیع تر مفاد کی خاطر فوری طور پر اپنی سیاسی و احتجاجی سرگرمیاں منسوخ کر کے اپنے تما م تر وسائل کو سیلاب زدگان کی بحالی پر صرف کریں۔

اس نازک وقت میں سیاست کرنے کی بجائے پانی میں پھنسے ہوئے غریب عوام کی زندگیاں بچانے اور انہیں دوبارہ زندگی کی طرف بحال کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں بڑی سیاسی جماعتیں آپس میں بیان بازی میں مصروف ہیں،کسی کو بھی متاثرین کے ساتھ ہمدردی کے دو بول بولنے کی بھی توفیق نہیں ہو سکی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہزاروں لوگ چھتوں پر بھوکے پیاسے پانی اترنے اور امداد کے منتظر ہیں ۔

قدرتی آفات میں عوام کو ریسکیو کرنا حکومتی ذمہ داری ہوتی ہے مگر حکومتیں اپنی ذمہ داریاں اداکرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہیں۔ مصیبت کی اس گھڑی میں پوری قوم کو ان مصیبت زد گان کی امداد کرنی چاہئے۔انہوںنے کہا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت فائونڈیشن کے سینکڑوںکارکن امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں جن میں ڈاکٹرز، اساتذہ، انجینئرز سمیت ہر طبقہ ہائے فکر کے مرد و خواتین شامل ہیں۔

کوئی بھی فلاحی تنظیم اتنی بڑی تباہی کا اکیلے مقابلہ نہیں کر سکتی۔جماعت اسلامی اور الخدمت فائونڈیشن ایک لمحہ ضائع کیے بغیر امداد متاثرین تک پہنچا رہے ہیں۔ متاثرین کوخیمے، خشک راشن، ادویات،بستر اور کپڑوں کی اشد ضرورت ہے ، الخدمت مخیرحضرات کے تعاون سے امدادی سرگرمیوںمیں مصروف عمل ہے۔ پاکستان کے عوام نے ہمیشہ الخدمت پربھر پوراعتماد کا اظہار کیاہے۔