جشن عید میلاد النبی مذہبی جوش و جذبہ کے ساتھ منایا جائے گا ، چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر

پیر 18 اگست 2025 21:17

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ نے کہا ہے کہ یومِ آزادی اور معرکۂ حق کی کامیاب تقریبات کے انعقاد پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ، عید میلاد النبی ﷺ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی۔سکھر پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی 2008 سے ہر الیکشن میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کر رہی ہے جس کی بنیادی وجہ عوام دوست ترقیاتی کام ہیں۔

کراچی میں بنائے گئے انڈر پاسز اور دیگر منصوبے عوام کے سامنے ہیں ۔ سید کمیل شاہ نے کہا کہ سول ہسپتال سکھر کی بہتری کیلئے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں، جلد فنڈز ریلیز ہوں گے، جبکہ سرد خانہ ایک ماہ میں درست نہ ہوا تو ایکشن لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اعلان کیا کہ چھ ماہ میں سول ہسپتال کی صورتحال میں نمایاں بہتری نظر آئے گی اور سول سوسائٹی پر مشتمل کمیٹی بھی قائم کی جارہی ہے۔

چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل نے بتایا کہ سستے کرایوں کے ساتھ ’’جمالو ایکسپریس‘‘ کے نام سے لوکو ٹرین جلد شروع کی جائے گی جبکہ ’ریلوے سلیون سکھر‘ کی تعمیر کیلئے وزیر ریلوے سے بات چیت ہوئی ہے۔ دسمبر تک سیف سٹی پروجیکٹ کے تحت جدید سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب مکمل ہوجائے گی ان کا کہنا تھا کہ مون سون برسات کیلئے تمام تر انتظامات مکمل ہیں، پمپنگ اسٹیشنز تیار ہیں اور سیلابی صورتحال کی صورت میں احتیاطی تدابیر اختیار کی جارہی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صنم ماروی سندھ کی اہم گلوکارہ ہیں، ان کے اور احمد شاہ کے درمیان غلط فہمی کو دور کرایا جائے گا اور اگلے سکھر کنسرٹ میں صنم ماروی شرکت کریں گی۔ میوزیکل کنسرٹ میں بڑی تعداد میں لوگوں کی موجودگی اور انتظامیہ کی جانب سے وقت کم ہونے پر پروگرام جلد ختم کیا گیا۔آخر میں انہوں نے بتایا کہ روہڑی کیلئے صاف پانی کا منصوبہ لایا گیا ہے اور اگلے دو ماہ میں روہڑی کے عوام کو صاف پانی دستیاب ہوگا۔