چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اجلاس، غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف گرینڈ کریک ڈاؤن، 5 اضلاع کو سیف زون بنانے کا فیصلہ

پیر 18 اگست 2025 21:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) چیئرمین کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی افراد کے خلاف کارروائی اور متعلقہ اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی ٹاسک فورس کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ٹاسک فورس کے ممبران ،اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، مری اور ہری پور کی ضلعی انتظامیہ اور پولیس افسران ، وزارت داخلہ، نادرا، ایف آئی اے، سی ٹی ڈی، چیف کمشنریٹ افغان رفیوجیز سمیت سنیئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں اسلام آباد، راولپنڈی سمیت اٹک، مری اور ہری پور کے اضلاع میں بغیر ویزے کے حامل غیر ملکی مقیم افراد کے خلاف ایکشن لینے کا فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

چیف کمشنر اسلام آباد نے ہدایت کی کہ غیر ملکی افراد ،جو غیر قانونی طور پر مقیم ہیں ، کی مستقبل میں دوبارہ آبادکاری کو روکنے کیلئے ایک جامع پلان تشکیل دیا جائے۔ اس مقصد کیلئے ان کا ایک مربوط ڈیٹا بیس تیار کیا جائے، جس میں ان افراد کی مکمل معلومات، رہائشی پتے اور دیگر اہم تفصیلات درج ہوں۔

انہوں نے 5 اضلاع کو سیف زون بنانے کیلئے ایف آئی اے، نادرا اور دیگر اداروں کے ساتھ ڈیٹا شیئرنگ اور ہم آہنگی بڑھانے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں متصل علاقوں میں بغیر ویزے کے غیر ملکیوں کی موجودگی پر نظر رکھنے اور ان کے خلاف قانون کے مطابق فوری کارروائی کرنے کی تاکید کی گئی۔ اجلاس میں گھروں اور ہوٹلوں میں غیر ملکی مقیم کرایہ داروں کے طور پر رجسٹرڈ نہ ہونے والے افراد کے خلاف بھی کارروائی یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد نے ہدایت کی کہ متعلقہ اضلاع اور ادروں سے فوکل پرسنز کو مقرر کیا جائے تاکہ غیرقانونی تارکین وطن کے خلاف باہمی کوآرڈینیشن کو مزید موثر بنایا جاسکے۔ اس ضمن میں محمد علی رندھاوا نے کہا کہ متعلقہ اداروں کے درمیان ڈیٹا کی ہم آہنگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ غیر ملکی افراد ویلڈ ویزے (اجازت نامہ) کے ساتھ قیام کرسکیں بصورت دیگر ان کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

چیف کمشنر اسلام آباد کی ہدایت پر تمام متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے غیر ملکی افراد جو ویزے کے بغیر قیام پذیر ہیں ان افراد کا متعلقہ اضلاع سے فوراً ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا۔اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ اس سلسلہ میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی افراد کو پراپرٹی کے لین دین کے سلسلے میں سٹامپ پیپر کا اجراء بھی بند کیا جائے اور قانونی کرایہ داری ایکٹ کو سختی سے نافذ کرنے کی تاکید کی گئی۔

مزید برآں اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) غیر قانونی تارکین وطن کو ویلڈ ویزے (اجازت نامے) کے بغیر موبائل سمز بھی جاری نہ کرے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ حکومت پاکستان کا عزم ہے کہ غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کو مؤثر بناتے ہوئے ملک کی سلامتی اور استحکام کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کام کرتے ہوئے اس مسئلے کے مستقل حل کیلئے بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں۔