ڈاکٹر آصف محمود جاہ کی کتاب "محتسب کی ڈائری" کی آئی سی سی آئی میں تقریب رونمائی

پیر 18 اگست 2025 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) نے وفاقی ٹیکس محتسب (ایف ٹی او) ڈاکٹر آصف محمود جاہ کی تصنیف کردہ تازہ ترین کتاب "محتسب کی ڈائری" کی تقریب رونمائی کی میزبانی کی۔ تقریب میں ریٹائرڈ اور حاضر سروس بیوروکریٹس، تاجر برادری کے رہنماؤں، دانشوروں، طلباء اور سماجی کارکنوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے کہا کہ پاکستان اللہ کی نعمت ہے، مواقع سے مالا مال ہے اور قوم کا اولین فرض ہے کہ اس کی ترقی اور خوشحالی کے لئے خلوص اور جانفشانی سے خدمت کرے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم جو کچھ بھی ہیں پاکستان کی وجہ سے ہیں اس لئے ہمیں اسے عزت اور ترجیح دینی چاہئے۔

(جاری ہے)

ایف ٹی او کے طور پر اپنے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے ڈاکٹر جاہ نے کہا کہ ٹیکس دہندگان کو ان کی شکایات کو فوری، سستے اور میرٹ پر حل کر کے انہیں مناسب احترام دیا جاتا ہے۔

انہوں نے فخر کے ساتھ مزید کہا کہ ایف ٹی او کے 98 فیصد فیصلوں کو برقرار رکھا گیا ہےجو کہ انتہائی اطمینان کا باعث ہے۔اپنے خطبہ استقبالیہ میں آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی نے ڈاکٹر جاہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ یہ کتاب ٹیکس کے نظام میں شفافیت اور اخلاقی طریقوں کو فروغ دینے کے لئے قابل قدر بصیرت فراہم کرتی ہے۔

انہوں نے مزید روشنی ڈالی کہ آئی سی سی آئی تاجروں اور سرمایہ کاروں کے لئے ایک مضبوط پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے جبکہ پالیسی سازوں کو کاروبار دوست اصلاحات کے لئے مسلسل شامل کرتا ہے۔ آئی سی سی آئی کے صدر نے یہ بھی بتایا کہ چیمبر میں نادرا، ٹی ڈی اے پی، پولیس، آئیسکو اور ایف ٹی او سمیت متعدد سہولت کاری ڈیسک موجود ہیں جبکہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی ہدایات کے تحت اس نے پراپرٹی مالکان اور کمرشل کرایہ داروں کے درمیان تنازعات کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کے لئے ثالثی کونسل قائم کی ہے جس سے دارالحکومت میں منصفانہ اور مستحکم کاروباری ماحول کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

نیشنل بک فاؤنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر کامران جہانگیر نے انسانیت اور ٹیکس دہندگان کی خدمت میں ڈاکٹر جاہ کے وژن اور لگن کی تعریف کی۔ تقریب سے ایف ٹی او کے چیف اعزازی مشیر سہیل الطاف، سابق ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر فیاض رانجھا، وفاقی محتسب کے مشیر ڈاکٹر انعام الحق جاوید، ڈی جی ایف ٹی او خلدون الحق، رجسٹرار ایف ٹی او خالد جاوید، سابق ممبر ایف بی آر محمد رمضان بھٹی، اور سابق وفاقی م سیکرٹری یسین طاہر، سلمان نبی اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور ڈاکٹر جاہ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

معروف کالم نگار اوریا مقبول جان، صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میاں ابو زر شاد اور سینئر صحافی مجیب الرحمان شامی کے ویڈیو پیغامات پیش کئے گئے، جن میں انہوں نے مختلف شعبوں میں ڈاکٹر جاہ کی نمایاں خدمات کا اعتراف کیا۔تقریب میں آئی سی سی آئی کے نائب صدر ناصر محمود چوہدری، آئی سی سی آئی کے سابق صدور خالد جاوید اور میاں اکرم فرید، ایگزیکٹو ممبران ذوالقرنین عباسی، وسیم چوہدری سمیت تاجر رہنمائوں اور دانشوروں نے بھی شرکت کی۔ پروگرام کی نظامت الماس علی جوندہ، لیگل ایڈوائزر ایف ٹی او نے کی۔