انسانی بحرانوں کا حل عالمی یکجہتی اور انصاف میں ہے، اسحاق ڈار

منگل 19 اگست 2025 18:32

انسانی بحرانوں کا حل عالمی یکجہتی اور انصاف میں ہے، اسحاق ڈار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اگست2025ء) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے انسانی ہمدرد کارکنوں کی بے مثال قربانیوں اور خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے U ہوئے کہا کہ یہ کارکنان اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں۔غزہ میں جاری قبضے اور محاصرے سے شہریوں کو امداد، خوراک اور طبی سہولتوں سے محروم کیا جا رہا ہے، جبکہ فلسطین میں جاری نسل کشی نے بچوں، خواتین اور شہریوں کو ناقابلِ بیان مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔

عالمی یومِ انسانی ہمدردی کے موقع پر وزیر خزانہ نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ انسانی بحرانوں کی اصل وجوہات، خصوصاً جنگوں اور تنازعات، کو ختم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے۔ اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ جارحیت اور انتہا پسندانہ بیانیے عالمی انسانی بحرانوں کو مزید بڑھا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا تنازعات کا پائیدار حل صرف مکالمے، مصالحت اور سفارتکاری سے ہی ممکن ہے۔

انہوں نے غزہ میں جاری قبضے اور محاصرے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے شہریوں کو امداد، خوراک اور طبی سہولتوں سے محروم کیا جا رہا ہے، جبکہ فلسطین میں جاری نسل کشی نے بچوں، خواتین اور شہریوں کو ناقابلِ بیان مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جبر، جبری نقل مکانی اور حقِ خودارادیت کی پامالی کی بھی شدید مذمت کی۔

اسحاق ڈار نے بھارت کی طرف سے پانی اور وسائل کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے پر تشویش ظاہر کی اور کہا کہ یہ خطے میں بڑے انسانی المیے کو جنم دے سکتا ہے۔ وزیر خزانہ نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ موسمیاتی تبدیلی دنیا بھر میں انسانی بحرانوں کو بڑھا رہی ہے اور پاکستان اس سے غیر متناسب طور پر متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے حالیہ سیلاب کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ یہ بحران واضح کرتے ہیں کہ عالمی برادری کو مشترکہ اقدامات اور امدادی شراکت داری بڑھانی ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ انسانی جان کا تحفظ، انسانی وقار کا احترام اور امن کا فروغ ہماری بنیادی ترجیحات ہیں۔ وزیر خزانہ نے عالمی یکجہتی، انصاف اور فیصلہ کن اقدامات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ سب ہی دنیا کو بحرانوں سے نکالنے اور عالمی امن کی بحالی میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔