سندھ حکومت کا ایم کیو ایم کے ارکان کے حالیہ بیانات پر سخت ردعمل

ایم کیو ایم کی سیاست اب صرف تعصب اور کراچی کے عوام کے ساتھ دشمنی تک محدود ہوکر رہ گئی ہے،ترجمان سندھ حکومت

منگل 19 اگست 2025 20:52

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اگست2025ء) حکومتِ سندھ کی ترجمان سعدیہ جاوید نے ایم کیو ایم کے ارکان سندھ اسمبلی کے حالیہ بیانات پر سخت ردعمل دیا ہے اور انہیں "کراچی دشمن اور تعصب پر مبنی" قرار دیا ہے۔سعدیہ جاوید نے کہا کہ ایم کیو ایم کی سیاست اب صرف تعصب اور کراچی کے عوام کے ساتھ دشمنی تک محدود ہوکر رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسلادھار بارشوں کے دوران بلدیاتی نمائندے اور ملازمین عوام کے درمیان سڑکوں پر موجود ہیں اور نکاسی آب کے عمل میں مصروف ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ، وزیر بلدیات اور میئر کراچی خود تمام ایڈمنسٹریشن کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں، جبکہ میئر کراچی ڈسٹرکٹ ایسٹ اور سائوتھ کے دورے بھی کررہے ہیں، لیکن تنقید کرنے والوں کو یہ سب کچھ نظر نہیں آرہا۔

(جاری ہے)

ترجمان سندھ حکومت نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے منتخب ٹاؤنز، یوسی چیئرمینز، کونسلرز اور پارٹی عہدیداران بھی عوام کے درمیان نکاسی آب اور صفائی کے کاموں میں مصروف ہیں۔

"اپنے آپ کو میڈیا میں زندہ رکھنے کے لیے ایم کیو ایم جس طرح کے بیانات دے رہی ہے، عوام اب ان پر کان دھرنے کو تیار نہیں ہیں،" سعدیہ جاوید نے کہا۔انہوں نے الزام لگایا کہ عوام نے بوری بند لاشوں اور بھتہ خوری کی سیاست کو دفنا دیا ہے، لیکن اب شہر دشمن عناصر دوبارہ سیوریج لائنوں میں بوریاں ڈال کر نظام تباہ کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں۔ سعدیہ جاوید نے دعویٰ کیا کہ صفورا ٹاؤن سمیت کئی علاقوں سے سیوریج لائنوں میں سے بوریاں نکالی گئی ہیں اور اس کے شواہد بھی موجود ہیں۔