Live Updates

عمران خان ضمانت کیس، فیملی کو عدالت میں بات کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی. چیف جسٹس

عدالت التوا نہیں دے گی، تاہم سب سے پہلے استغاثہ کے دلائل سنیں گے. چیف جسٹس یحیی آفریدی کے ریمارکس

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 20 اگست 2025 14:44

عمران خان ضمانت کیس، فیملی کو عدالت میں بات کرنے کی اجازت نہیں دی جا ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20 اگست ۔2025 ) چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے سابق وزیراعظم عمران خان کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی چیف جسٹس یحیی آفریدی کے علاوہ بینچ میں جسٹس محمد شفیع صدیقی اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب شامل تھے. دوران سماعت معاون وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ کیس کے اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی کو فوڈ پوائزننگ ہو گئی ہے جس کے باعث وہ ہسپتال میں زیر علاج ہیں اور آج عدالت میں پیش نہیں ہو سکے معاون وکیل نے استدعا کی کہ کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کی جائے، تاہم چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ سماعت کل ہی رکھی جا رہی ہے اور کل صورتحال دیکھ لی جائے گی.

(جاری ہے)

عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ نے ان کے موکل کی ضمانت گزشتہ سال نومبر میں خارج کی تھی یہ مقدمہ 6 ماہ تک ہائی کورٹ میں زیر سماعت رہا جہاں 16 سماعتیں ہوئیں اور اس دوران 8 مختلف پراسیکیوٹرز تبدیل کیے گئے. استغاثہ نے بار بار التوا کی درخواستیں دے کر کارروائی کو طول دیا جس سے وہ اب مایوس ہو چکے ہیں چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت طویل التوا نہیں دے گی، تاہم سب سے پہلے استغاثہ کے دلائل سنے جائیں گے ان کا کہنا تھا کہ استغاثہ کو یہ وضاحت دینا ہوگی کہ لاہور ہائی کورٹ کا ضمانت خارج کرنے کا فیصلہ کیسے برقرار رہ سکتا ہے انہیں اس تھریش ہولڈ سے گزرنا پڑے گا.

سلمان صفدر نے عدالت سے گزارش کی کہ عمران خان کے اہلخانہ کو بھی بات کرنے کی اجازت دی جائے، وہ کمرہ عدالت میں موجود ہیں تاہم چیف جسٹس نے یہ استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عدالت صرف وکیل کو ہی سنے گی، فیملی ممبران کو بات کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی سماعت کے اختتام پر سپریم کورٹ نے کیس جمعرات کی صبح ساڑھے 10 بجے تک ملتوی کر دیا.
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات