Live Updates

کراچی میں شدید بارش کے پیش نظرعام تعطیل‘اربن فلڈنگ سے شہرمیں10افراد ہلاک

طاقتورمون سون ہواﺅں سے صوبے میں مزید بارشوں کا امکان‘شہر میں تعلیمی ادارے بند ہیں.صوبائی حکام

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 20 اگست 2025 14:17

کراچی میں شدید بارش کے پیش نظرعام تعطیل‘اربن فلڈنگ سے شہرمیں10افراد ..
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20 اگست ۔2025 )کراچی میں شدید بارش سے مختلف واقعات میں 10 افراد ہلاک ہوگئے ہیں‘ سیلابی صورت حال کے باعث آج شہر میں عام تعطیل ہے قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق کراچی میں منگل کو شدید بارش کے نتیجے میں اربن فلڈنگ، مکانات گرنے اور بجلی گرنے جیسے مختلف واقعات میں 10 اموات ہوئیں.

(جاری ہے)

سندھ کے چیف میٹرولوجسٹ امیر حیدر لغاری نے بڑے شہروں میں سیلاب کی وجہ کمزور انفراسٹرکچر کو قرار دیا دو کروڑ سے زائد آبادی والے شہر میں آج تعلیمی ادارے بند ہیں کیونکہ محکمہ موسمیات نے مزید بارش کی پیش گوئی کر رکھی ہے ادارے کے مطابق صوبے کے بیشتر علاقوں میں طاقتور مون سون ہوائیں اثر انداز ہو رہی ہیں جس کے تحت منگل سے جمعرات کے درمیان کراچی میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر درمیانی اور کہیں کہیں موسلادھار بارش کا امکان ہے.

صورت حال کے پیش نظر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت ایک ہنگامی اجلاس کے دوران آج شہر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا اس حوالے سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق صوبائی حکومت نے عوام کا گھروں میں رہنے کا مشورہ دیا ہے دوسری جانب گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی ہدایت پر گورنر ہاﺅس کراچی میں ایمرجنسی سیل قائم کر دیا گیا ہے تاکہ شدید بارشوں اور ٹریفک کی رکاوٹوں سے متاثرہ شہریوں کی مدد کی جا سکے.

متحدہ قومی موومنٹ کے راہنما فاروق ستار کے ہمراہ رات گئے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں گورنر کامران ٹیسوری نے کہا کہ گورنر ہاﺅس کے دروازے ساری رات کھلے ہیں، یہ آپ کا گھر ہے، آئیں اور قیام کریں کامران ٹیسوری کے مطابق شہری فوری مدد کے لیے ہیلپ لائن 1366 پر رابطہ کر سکتے ہیں یہ سیل 24 گھنٹے فعال رہے گا تاکہ بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے .

گورنر سندھ نے کہا کہ مشکل وقت میں متاثرہ رہائشیوں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی انہوں نے وفاق سے کراچی کی صورت حال بہتر بنانے میں مدد کی درخواست کی اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور وفاق کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی. حکومت پاکستان کے ایکس اکاﺅنٹ پر جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو سندھ حکومت سے مسلسل رابطے میں رہنے، ہنگامی صورت حال کے لیے ان کی ضروریات کے حوالے سے مکمل تعاون کرنے کی ہدایت کی انہوں نے آئندہ ایک دو روز میں متوقع بارش کے حوالے سے مکمل تیار رہنے اور لوگوں کو آگاہی فراہم کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں.
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات