مشکل کی اس گھڑی میں ہم سب کو اختلافات بھلا کر سیلاب متاثرین کی مدد کرنا ہو گی، علی حیدر گیلانی

بدھ 20 اگست 2025 17:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر علی حیدر گیلانی نے سندھ، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں شدید بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان عالمی ماحولیاتی آلودگی کا سب سے بڑا شکار ہے اور موسمیاتی تبدیلیوں کی سب سے بڑی قیمت پاکستانی عوام کو برداشت کرنا پڑ رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم سب کو تمام اختلافات بھلا کر متاثرین کی مدد کرنا ہو گی۔انہوں نے کہا کہ اقوام عالم کو اس ہنگامی صورتحال میں پاکستان کیساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔علی حیدر گیلانی نے کہا کہ ہنگامی صورتحال میں صوبائی حکومتوں کا متاثرین کیلئے آگے آنا لائق تحسین ہے،پیپلز پارٹی سندھ میں 21لاکھ گھر متاثرین سیلاب کو بنا کر دے رہی ہے۔ علی حیدر گیلانی نے اعلان کیا کہ پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی ارکان ایک دن کی تنخواہ متاثرین سیلاب فنڈ میں دینگے۔