بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں اپنے جرائم کو چھپا نے کیلئے عالمی برادری کو گمراہ کر رہا ہے، احتجاجی مظاہرہ

بدھ 20 اگست 2025 18:22

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں اپنی ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو چھپا نے کیلئے عالمی برادری کو گمراہ کر رہا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بی جے پی کی زیر قیادت بھارتی حکومت فوجی طاقت اور ہندوتوا پر مبنی پالیسیوں سے مقبوضہ علاقے پر اپنے غیر قانونی قبضے کو برقرار نہیں رکھ سکتی۔

انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر ایک سیاسی اور انسانی مسئلہ ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اس کا حل جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔ حریت ترجمان نے بھارت کی طرف سے میڈیا پر پابندیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر کشمیریوں کی آواز کو دبایاجاتا ہے، فون ریکارڈکیے جاتے ہیں،لوگوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جاتی ہے اور میڈیا کو زمینی حقائق کی رپورٹنگ سے روک دیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں کی حیثیت غیر ملکی قابضین کی ہے جنہیں جموں وکشمیر سے نکلنا ہوگا ۔ انہوں نے حق خودارادیت کے حصول کیلئے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔ دریں اثناء سرینگر کے علاقے بٹہ مالوکے رہائشیوں نے پانی کے بڑھتے ہوئے بحران کے خلاف زبردست احتجاج کیا۔ گزشتہ دو ماہ سے پانی کی عدم دستیابی کے خلاف مرد، خواتین اور بچوں نے احتجاج کرتے ہوئے مرکزی سڑک کو بند کردیا اورقابض حکام کے خلاف نعرے بازی کی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ لوگوں کو پانی لانے کے لیے طویل فاصلہ طے کرناپڑتا ہے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو وہ احتجاج میں تیز ی لائیں گے۔ کشمیریوں کو ان کی زمینوں اور گھروں سے بے دخل کرنے کی مودی حکومت کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے بھارتی پولیس نے اسلام آباد اور بارہمولہ اضلاع میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون کے تحت مزیددو کشمیریوں کی جائیدادیں ضبط کر لیں۔