Live Updates

حکومت اور پی ٹی آئی میں مذاکرات جلد متوقع، عمران خان کی رہائی ایجنڈے میں شامل نہیں، بیرسٹرعقیل

بدھ 20 اگست 2025 22:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2025ء)وزیرِ مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ انہیں توقع ہے کہ حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات چند دنوں میں شروع ہو جائیں گے، تاہم بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جیل سے رہائی ایجنڈے میں شامل نہیں ہے۔ایک انٹریو کے دوران بیرسٹر عقیل نے کہا کہ انہیں مذاکرات ’چند دنوں میں شروع ہوتے ہوئے‘ دکھائی دے رہے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے ہم سے اور دیگر قیادت سے رابطے کیے ہیں اور ہمیں قائل کرنے کی کوشش کی ہے کہ مذاکرات دوبارہ شروع ہونے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن بھی اس بات پر متفق ہے کہ وہ 9مئی کے واقعات کے بعد قیادت کی سزاؤں اور نااہلیوں کے تناظر میں ’کسی نہ کسی راستے‘ کی تلاش میں ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت برائے قانون وانصاف نے کہا کہ مذاکرات پی ٹی آئی کی ٹیم اور قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق کی قائم کردہ کمیٹی کے درمیان ہوں گے تاہم انہوں نے زور دے کر کہا کہ ان مذاکرات میں عمران خان کی رہائی پر بات نہیں ہوگی کیونکہ یہ ’حکومت کے اختیار میں نہیں ہے۔

انہوںنے کہا کہ ہم انہیں درجنوں بار کہہ چکے ہیں کہ عدالتوں کا راستہ اختیار کریں، اپنی بیگناہی عدالت میں ثابت کریں جس کے بعد ہی بانی پی ٹی آئی کی رہائی ممکن ہے، حکومت کسی صورت انہیں آزادی یا رہائی نہیں سے سکتی۔بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ اگر کوئی مسئلہ ہے جس پر پارٹی رہنما بات کرنا چاہتے ہیں یا پھر وہ ’سیاسی اسپیس یا سیاسی معاملات‘ پر گفتگو چاہتے ہیں تو ایسی بات چیت کا خیر مقدم کیا جائے گا۔انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی کو اس وقت مئی 9 کی تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن بنانے کی ضرورت کے بارے میں انہیں ’قائل‘ کرنا ہوگا، کیونکہ ان مقدمات میں سے بہت سے پہلے ہی فیصلے ہو چکے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات