پاکستان گزشتہ دو دہائیوں سے دہشت گردی کے ناسور کے خلاف نبردآزما ہے، 80 ہزار سے زائد جانیں اس کی نذر ہو چکیں ،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق

بدھ 20 اگست 2025 23:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے "دہشت گردی کے متاثرین کو یاد کرنے اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنے کے عالمی دن" کے موقع پر کہا ہے کہ آج کا دن ہمیں ان تمام معصوم شہریوں اور سکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیوں کے نتیجے میں اپنی جانیں قربان کیں۔

بدھ کو اپنے پیغام میں انہوں نے دہشت گردی کے خلاف برسرِ پیکار سکیورٹی اداروں، قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں اور شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ دہشت گردی سے متاثرہ خاندانوں کے دکھ اور تکالیف ناقابلِ فراموش ہیں، پاکستان گزشتہ دو دہائیوں سے دہشت گردی کے ناسور کے خلاف نبردآزما ہے اور اس جنگ میں 80 ہزار سے زائد شہریوں، فوجی جوانوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور اہلکاروں نے اپنی جانوں کی قربانیاں دیں جبکہ متعدد سیاسی و مذہبی رہنما بھی دہشت گردی کا نشانہ بنے،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ملکی معیشت کو بھی اربوں ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا۔

(جاری ہے)

سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد پاکستان میں امن و ترقی کو سبوتاژ کرنے کی مذموم سازشوں میں ملوث ہیں تاہم پاکستانی قوم نے ہمیشہ جرأت، حوصلے اور اتحاد کے ساتھ دہشت گردی کا مقابلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے آج بھی دہشت گردوں کے خلاف بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں، قومی ایکشن پلان، انسدادِ دہشت گردی کے بیانیے اور سماجی و اقتصادی اقدامات کے ذریعے انتہا پسندی اور دہشت گردی کے نیٹ ورکس کو کمزور کیا گیا ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے جس کے مکمل خاتمے کے لئے عالمی برادری کی مربوط اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں پائیدار امن اسی وقت ممکن ہے جب تمام ممالک دہشت گردی کے خلاف یکجہتی کے ساتھ قدم بڑھائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کا نشانہ بننے والے شہداء کی قربانیاں قومی تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔

انہوں نے متاثرین کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کو دہرایا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے بھی اس موقع پر اپنے پیغام میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں شہید ہونے والے شہریوں اور سکیورٹی فورسز کے جوانوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہماری قومی تاریخ کا روشن باب ہیں اور پوری قوم دہشت گردی کا نشانہ بننے والوں کے اہلخانہ کے غم میں شریک ہے۔

ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ پاکستانی عوام اور اداروں نے دہشت گردی کے خلاف بے مثال استقامت اور قربانیوں کی تاریخ رقم کی ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ اس بات کا ثبوت ہے کہ قوم اپنے وطن کے امن و استحکام کے لئے ہر قیمت ادا کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام تک یہ جنگ بھرپور عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔