وزیراعلیٰ کی جاپان پارلیمنٹرین فرینڈشپ لیگ کے چیئرمین سیشیرو ایٹو سے ملاقات

پاک جاپان پارلیمانی رابطے بڑھانے پر اتفاق ،سیشیرو ایٹو نے پہلی خاتون وزیراعلی پنجاب بننے پر مریم نواز شریف کو مبارک دی تعلیم، صحت، شہری ترقی، پولیس، سیوریج اینڈ واٹر ٹریٹمنٹ، ماحولیات سمیت دیگر شعبوں میں جاپانی تجربات سے استفادہ کریں گے ٹیکنالوجی کا استعمال عام کریں گے،پنجاب میں اے آئی پر مبنی سمارٹ سروسز متعارف کرائیں گے،تحقیقی شراکت داری قائم کریں گے

بدھ 20 اگست 2025 21:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2025ء)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جاپان پارلیمنٹرین فرینڈشپ لیگ کے چیئرمین سیشیرو ایٹو سے ملاقات کی ۔پاک جاپان پارلیمانی رابطے بڑھانے پر اتفاق ہوا۔سیشیرو ایٹو نے پہلی خاتون وزیراعلی پنجاب بننے پر مریم نواز شریف کو مبارک دی ۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے سیشیرو ایٹو کی پارلیمانی اور پاکستان جاپان تعلقات کے فروغ کے لیے خدمات کو سراہا ۔

سیشیرو ایٹو نے پہلی خاتون وزیراعلی کے طور پر جاپان کے دورے کا خیرمقدم کیا ۔سیشیرو ایٹو نے وزیر اعلی مریم نواز شریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری لانے اور جاپان کے ساتھ مل کر مشترکہ منصوبوں کے آغاز میں اپنا کردار ادا کروں گا۔پارلیمانی سطح پر رابطوں سے باہمی روابط مزید مضبوط کرنے پر بھی اتفاق کیاگیا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں زراعت، صنعت اور افرادی قوت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امور بھی زیر غور آئے ۔

مریم نواز شریف نے پنجاب کے ترقیاتی وژن اور منصوبوں سے آگاہ کیا۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے سیشیرو ایٹو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جاپان اور پنجاب کے دوستانہ تعلقات کو نئی بلندیوں سے ہم کنار کریں گے۔تعلیم، صحت، شہری ترقی، پولیس، سیوریج اینڈ واٹر ٹریٹمنٹ، ماحولیات سمیت دیگر شعبوں میں جاپانی تجربات سے استفادہ کریں گے، ٹیکنالوجی کا استعمال عام کریں گے۔پنجاب میں AI پر مبنی سمارٹ سروسز متعارف کرائیں گے۔پنجاب کے تعلیمی اداروں اور جاپانی یونیورسٹیوں کے درمیان تحقیقی شراکت داری قائم کریں گے۔