وفاقی وزیر امیر مقام کا لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کا دورہ، سیلاب میں معجزانہ طور پر بچنے والے ساحل خان کی عیادت

بدھ 20 اگست 2025 22:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے بدھ کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے حالیہ سیلاب میں معجزانہ طور پر بچنے والے گھنبت پورن، شانگلہ سے تعلق رکھنے والے ساحل خان کی عیادت کی۔

(جاری ہے)

آسمانی بجلی گرنے سے ساحل خان شدید زخمی ہوئے تھے جبکہ ان کا گھر مکمل طور پر تباہ ہوگیا تھا،انہیں شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔

وفاقی وزیر انجنیئر امیر مقام نے اس کی سنجیدہ حالت دیکھ کر فوراً لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور منتقل کرنے کے انتظامات کئے، ان کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔ وفاقی وزیر نے ہسپتال عملے کو مزید خیال رکھنے کی تاکید اور اپنے سیکرٹری سعید الرحمن کو اس کا خیال جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر مسلم ڈاکٹرز فیڈریشن کے صدر عمر رحمان بھی موجود تھے۔